1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل کے سب سے بڑے بینک کے سربراہ وفد کے ساتھ یو اے ای میں

8 ستمبر 2020

اسرائیل کا خاص طور پر قریبی اقتصادی تعلقات پر توجہ دینے والا ایک اہم وفد اپنے اولین دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گیا ہے۔ دو روزہ دورے کے دوران اس وفد کی قیادت اسرائیل کے سب سے بڑے بینک کے سربراہ کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3i9fN
ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان، دائیں، اور اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو

یروشلم سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اسرائیل اور خلیجی ریاست یو اے ای کے مابین معمول کے سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سرکردہ اسرائیلی شخصیات کا یہ پہلا باقاعدہ کاروباری دورہ ہے۔ اس وفد کی قیادت اسرائیل کے بینک ہاپوالیم کے سربراہ ڈوو کوٹلر کر رہے ہیں اور اس میں ہائی ٹیکنالوجی کے علاوہ فنانشل ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں کی سرکردہ شخصیات شامل ہیں۔

'تاریخ ساز قدم، توقعات بےتحاشا‘

اپنے اس دورے کے بارے میں ڈوو کوٹلر نے کہا، ''یہ دورہ اپنی نوعیت کا اولین اور ایک تاریخ ساز قدم ہے، جس سے بے تحاشا توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں۔‘‘ یہ اسرائیلی وفد ایک نجی طیارے کے ذریعے یروشلم سے ابوظہبی پہنچا۔

یروشلم سے روانگی سے قبل ڈوو کوٹلر نے کہا، ''ہمیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے نظام ہائے بینکاری اور سرکردہ اقتصادی شخصیات کے مابین براہ راست اور بند دروازوں کے پیچھے ہونے والی بات چیت ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ڈائریکٹ بزنس کے قابل بنائے گی اور یہ ایک اچھی پیش رفت ہو گی۔‘‘

Israel Jerusalem Hapoalim Bank
متحدہ عرب امارات جانے والے اس اسرائیلی کاروباری وفد کی قیادت اسرائیل کے سب سے بڑے بینک ہاپوالیم کے سربراہ ڈوو کوٹلر کر رہے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/M. Kahana

ساتھ ہی ہاپوالیم کے سربراہ نے مزید کہا کہ دنیا کو اس وقت کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث اقتصادی ترقی کی شرح میں کمی کا سامنا ہے، اس لیے یہ وفد متحدہ عرب امارات میں اسرائیل کے لیے 'ترقی کے نئے محرکات‘ کی تلاش میں ہو گا۔

اس دورے کے دوران یہ وفد پہلے دبئی میں اور پھر ابوظہبی میں اماراتی بینکاروں اور نمایاں کاروباری شخصیات سے مذاکرات کرے گا۔

اگلے اسرائیلی کاروباری وفد کا دورہ بھی طے

ہاپوالیم کے سربراہ کی قیادت میں اس وفد کے علاوہ ایک اور اسرائیلی وفد کا یو اے ای کا دورہ بھی طے ہو چکا ہے۔ یہ وفد اسرائیل کے ایک اور بڑے مالیاتی ادارے بینک لیُومی کی طرف سے خلیج کی اس ریاست کا دورہ کرے گا۔ یہ دوسرا اسرائیلی کاروباری وفد 14 سمتبر کو متحدہ عرب امارات جائے گا۔

اسرائیلی حکومت بھی متحدہ عرب امارات کے ایک وفد کو اسرائیل کے دورے کی دعوت دے چکی ہے، تاہم یروشلم میں حکام کے مطابق ابھی تک اس دورے کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی۔

امریکا کی ثالثی کوششوں کے نتیجے میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے 13 اگست کو آپس میں سفارتی تعلقات کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

اس کے صرف دو ہفتے بعد ہی اعلیٰ اسرائیلی حکام کا ایک وفد چند سرکردہ امریکی سیاسی شخصیات کے ہمراہ اس لیے ابوظہبی گیا تھا کہ وہاں دوطرفہ تعاون کے کلیدی شعبوں کے تعین کے لیے مشاورت کی جا سکے۔

متحدہ عرب امارات خلیج کی خطے کی پہلی، مجموعی طور پر تیسری عرب اور چوتھی ایسی مسلم اکثریتی ریاست ہے، جس نے اسرائیل کو باقاعدہ طور پر تسلیم  کرتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی، کاروباری اور اقتصادی تعلقات قائم کیے ہیں۔

م م / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں