1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان نئے اہم معاہدے

صائمہ حیدر
13 مئی 2017

پاکستانی حکومت کے مطابق پاکستان اور چین  نے آج پانچ سو ملین ڈالر کے نئے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدے ’ون بیلٹ ون روڈ اِنیشی ایٹو‘ نامی چینی منصوبے پر ہونے والے بین الاقوامی اجلاس سے محض ایک روز قبل طے پائے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2cvRO
Staatsbesuch Pakistan Premier Nawaz Sharif und Xi Jinping
نواز شریف بیجنگ میں ہونے والے ایک سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے گزشتہ روز چین پہنچے تھےتصویر: Reuters

مفاہمتی یادداشتوں میں اُن 57 بلین ڈالر کو بھی شامل کیا گیا ہے جو پاک چین اقتصادی راہداری کے مختلف منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک منصوبے کے تحت چین کو بذریعہ سڑک اور ریل گوادر سے ملایا جائے گا۔

یہ معاہدے پاکستانی وزیرِاعظم نواز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ایک ملاقات کے بعد طے پائے۔ نواز شریف بیجنگ میں ہونے والے ایک سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے گزشتہ روز چین پہنچے تھے۔ توقع ہے کہ اس اجلاس میں انتیس ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔ اجلاس میں باہمی تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کے موضوع پر بات چیت کی جائے گی۔

 مندوبین اتوار کے روز سے شروع ہونے والے اس اجلاس کے مختلف سیشنز میں تجارت اور اقتصادیات سمیت  مختلف موضوعات پر مزید تفصیل سے گفتگو کریں گے ۔

 پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ملکی وزیر اعظم نواز شریف نے آج بروز ہفتہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں کہا، ’’پاک چین اقتصادی راہداری آپ کے ون روڈ ون بییلٹ منصوبے کا ایک اہم جزو ہے۔‘‘ 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں