1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام مخالف انگلش ڈیفنس لیگ کی مقبولیت

4 نومبر 2010

برطانیہ میں انگلش ڈیفنس لیگ نامی دائیں بازو کی انتہا پسند تنظیم، جو واضح طور پر اسلام دشمن ہے، مسلسل مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ اس لیگ کے اہتمام کردہ مظاہروں میں اس کے ہزاروں کارکن شریک ہوتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Pxgf
برطانوی پولیس اس سال مارچ میں انگلش ڈیفنس لیگ کے ایک رکن کو گرفتار کرتے ہوئےتصویر: AP

اب یہ تنظیم اس لئے ایمسٹرڈم میں بھی اپنی موجودگی کی خواہش مند ہے کہ ہالینڈ میں بھی اپنے ہم خیال افراد اور سیاسی شخصیات کے لئے تائید و حمایت کا اظہار کر سکے۔ مقصد یہ ہے کہ اس انگلش ڈیفنس لیگ کو جلد از جلد یورپی ڈیفنس لیگ میں بدلا جا سکے۔

انگلش ڈیفنس لیگ EDL غالباﹰدائیں بازو کی وہ واحد انتہا پسند تحریک ہے جو 1930 کے عشرے میں یورپ اور برطانیہ کی سڑکوں پر مارچ کرنے والے فاشسٹوں کے دور سے لے کر آج تک سب سے زیادہ رفتار سے پھیل رہی ہے۔ گزشتہ برس اپنی اسلام مخالف سوچ کی بنیاد پر یہ ڈیفنس لیگ برطانیہ میں قائم کی گئی تھی۔ تب سے اب تک اس تحریک کے ارکان کم از کم دس مرتبہ ایسے بڑے احتجاجی مظاہرے بھی کر چکے ہیں، جو جزوی طور پر پُرتشدد بھی ہو گئے تھے۔

Proteste gegen Geert Wilders in London Flash-Galerie
لندن میں ڈیفنس لیگ کے ایک مظاہرے کے خلاف اینٹی فاشسٹ موومنٹ کا مظاہرہتصویر: AP

اب اس لیگ کے عہدیداروں نے اپنی نظریں یورپ پر مرکوز کر لی ہیں۔ ایمسٹرڈم میں اپنی موجودگی کے ساتھ اس تحریک کے ارکان ہالینڈ کے متنازعہ سیاستدان گیئرٹ وِلڈرز کے لئے اپنی حمایت ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ اِسی دوران کئی دیگر یورپی ملکوں میں بھی ڈیفنس لیگ کے نام سے ایسے ہی متعدد گروپ تشکیل پا چکے ہیں، جو سب کے سب دائیں بازو کی انتہا پسندانہ سوچ اور اسلام دشمنی والی ذہنیت کی نمائندگی کرتے ہیں۔

برطانیہ میں اس شدت پسند تحریک کے ترجمان افراد میں سے ایک ٹومی روبنسن بھی ہے، جس نے چند ہفتے قبل لَیسٹر کے شہر میں ایک احتجاجی مظاہرے کے ممنوع قرار دئے جانے کے باوجود اس میں شرکت کی تھی اور شرکاء سے مسلمانوں کے خلاف بڑا نفرت انگیز خطاب بھی کیا تھا۔

اپنے اس خطاب میں ٹومی روبنسن نے کہا تھا کہ پولیس کو اسے اور اس کے ساتھیوں کا گھیراؤ کرنے کے بجائے برطانیہ میں مسلمان نوجوانوں کے ان جرائم پیشہ گروپوں کو پکڑنا چاہئے، جو ’’غیر مسلم نوجوانوں پر حملے کرتے ہیں اور مبینہ طور پر نوجوان بچیوں سے جنسی زیادتیوں کے مرتکب بھی ہوتے ہیں۔‘‘

English Defence League
EDL کے کارکن اپنی شناخت اپنے لباس کے ذریعے بھی کراتے ہیںتصویر: picture alliance/Photoshot

Weyman Bennet نامی ایک سماجی کارکن برطانیہ میں فاشزم کے خلاف ایک تحریک کے سربراہ ہیں۔ ان کی تحریک Unite Against Fascism انگلش ڈیفنس لیگ کی ایک مخالف تحریک ہے۔ بینٹ کہتے ہیں کہ انگلش ڈیفنس لیگ فٹ بال کے کھیل کے پر تشدد شائقین، نئے نازیوں اور اپنی سماجی اور مالی حالت سے غیر مطمئن ایسے افراد پر مشتمل ایک تنظیم ہے، جس کی کوئی ایسی نظریاتی بنیاد یا مقصد موجود ہی نہیں، جو انہیں واضح راستہ دکھا سکے۔

وائیمین بینٹ کے مطابق ڈیفنس لیگ کے ارکان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ یورپ میں ایک بحران پایا جاتا ہے، جس کے ذمہ دار مسلمان ہیں۔ بینٹ کہتے ہیں کہ ماضی میں یہودیوں کو بھی اسی طرح کے الزامات کا سامنا رہا ہے۔

اب صورتحال یہ ہے کہ یورپ میں ڈیفنس لیگ کے ارکان کی تعداد زیادہ ہوتی جا رہی ہے۔ تاہم مختلف یورپی ملکوں کی حکومتیں اِسی سوچ کے پھیلاؤ کو روکنے اور ایسے انتہا پسندوں پر قابو پانے کی اپنی سیاسی، سماجی اور قانونی کوششیں بھی پوری توانائی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں