1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اسٹوکس کا نشانہ بننے والا سابق برطانوی فوجی تھا‘

30 ستمبر 2017

برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلگراف کے مطابق اسٹار کرکٹر بین اسٹوکس نے برسٹل کے نائٹ کلب کے باہر جس شخص کو مبینہ طور پر مکا مارا تھا، وہ سابق برطانوی فوجی ہے، جو افغانستان میں بھی خدمات انجام دے چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/2l1GV
UK Cricket ICC Champions Trophy | Pakistan gegen England
تصویر: Reuters/P. Cziborra

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ڈیلی ٹیلگراف کی ایک رپورٹ کے حوالے سے تیس ستمبر بروز ہفتہ بتایا ہے کہ انگلش کرکٹر بین اسٹوکس نے پیر کی علی الصبح برسٹل کے ایک نائٹ کلب کے باہر ہنگامہ آرائی کے دوران جس شخص کو مبینہ طور پر مکا مار کر زخمی کر دیا تھا، وہ سابق برطانوی فوجی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رائن ہیل نامی اس فوجی نے افغانستان میں بھی خدمات سر انجام دی تھیں۔

برطانوی پولیس انگلش ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان بین اسٹوکس کے خلاف تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شخص کو جسمانی نقصان پہنچایا۔ برسٹل کے ایک نائٹ کلب کے باہر بین اسٹوکس اور ان کے ساتھی کرکٹر ایلکس ہیلز کی کچھ لوگوں کے ساتھ لڑائی کے مناظر ایک ویڈیو کی صورت میں بھی سامنے آ چکے ہیں۔

جمعرات کے دن برطانوی اخبار ’دی سن‘ نے یہ ویڈیو جاری کی تھی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بین اسٹوکس کچھ لوگوں کے ساتھ گتھم گتھا ہیں اور انہوں نے ایک شخص کے منہ پر مکا مارا۔ اس واقعے کے بعد اسٹوکس کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ رات بھر حوالات میں گزارنے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا تاہم پولیس نے تفتیشی عمل بھی شروع کر دیا تھا۔ اس لڑائی میں اسٹوکس کے دائیں ہاتھ پر معمولی فریکچر بھی آیا تھا۔

اس واقعے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بھی ایک انکوائری شروع کر دی ہے جبکہ حتمی فیصلے تک اسٹوکس اور ہیلز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اگر اسٹوکس آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ایشز سیریز میں شامل نہیں کیے جاتے تو یہ انگلش کرکٹ ٹیم کے لیے ایک دھچکا ہو گا۔ اسٹوکس کو انگلش کرکٹ ٹیم کا مستقبل قرار دیا جاتا ہے جبکہ میڈیا میں انہیں آئن بوتھم کے بعد پہلا اسٹار آل راؤنڈر قرار دیا جاتا ہے۔

جمعے کے دن ہی پولیس نے دو عینی شاہدین سے کہا ہے کہ وہ اس ہنگامی آرائی کے بارے میں اپنے بیانات قلمبند کرائیں۔ ساتھ ہی پولیس اس لڑائی کی ویڈیو کی تصدیق کی کوشش کر رہی ہے۔ ایلکس ہیلز متوقع طور پر آئندہ ہفتے پولیس کے سامنے پیش ہوں گے۔ ان پر بھی الزام ہے کہ اس لڑائی کے دوران انہوں نے ایک شخص کو لات دے ماری تھی۔