اسٹیلا نے زندگی مفلوج کر کے رکھ دی
امریکا کے شمال مشرقی حصوں میں آنے والے طوفان اسٹیلا نے زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ شدید سردی اور برفباری کے باعث متاثرہ علاقوں میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔
نیو یارک سمیت متعدد ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ
نیو یارک، نیو جرسی، پینسلوینیا اور ورجینیا کی ریاستوں کے گورنروں نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ نیو یارک کے گورنر انڈریو کواومو کے مطابق قدرت بعض اوقات ناقابل پیشگوئی ہوتی ہے۔
معمول سے 25 ڈگری تک کم درجہ حرارت
امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں بسنے والے کئی ملین لوگ ان دنوں ميں معمول کے درجہ حرارت کے مقابلے میں 10 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم درجہ حرارت کا سامنا کر رہے ہیں۔
غیر معمولی طور پر مارچ میں برفباری
مارچ ميں عام طور پر موسم بہار ہوتا ہے مگر امریکا کے شمال مشرقی حصوں میں غیر معمولی طور پر شدید برفباری ہوئی ہے۔ ایسا اسٹیلا نامی طوفان کے سبب ہوا ہے۔ تاہم اب اس طوفان کی شدت میں کمی واقع ہونا شروع ہو گئی ہے۔
لاکھوں گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل
بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے مطابق طوفان کی شدت کے سبب ایک بڑے علاقے تک بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس کی وجہ سے 220,000 سے زائد گھر اور کاروبار متاثر ہوئے۔
ہزاروں پروازیں منسوخ
امریکی حکام کے مطابق بدھ کی رات پڑنے والی برف کی وجہ سے متعدد اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔ اس کے علاوہ چھ ہزار سے زائد پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑیں۔
عوام سے گھروں پر رہنے کی درخواست
اسٹیلا کے دوران چلنے والی ہواؤں کی رفتار ستر میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ شمال مشرقی امریکا کے کئی علاقوں میں حکام نے عوام سے گھروں میں رہنے کی درخواست کی ہے۔
دو فٹ تک برفباری کی پیشن گوئی
امریکی محکمہ موسمیات نے دور دراز کے کچھ علاقوں ميں دو فٹ تک برف پڑنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ تاہم اس طوفان کی شدت میں اب بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔