1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین: کاتالونیا میں ’خاموش مزاحمت شروع کی جائے‘

28 اکتوبر 2017

اسپین کے علاقے کاتالونیا میں اب نیم خود مختار حکومت ختم ہو چکی ہے۔ پوج ڈیمونٹ سے باقاعدہ طور پر اختیار چھین لیے گئے ہیں۔ ملکی وزیر اعظم ماریانو راخوئے نے باضابطہ طور پر اس خطے کے سرکاری معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2mf7X
تصویر: Reuters/Y. Herman

میڈرڈ حکومت نے اپنے اعلان کے مطابق کاتالونیا کی علاقائی حکومت سے اختیارات واپس لے لیے ہیں۔ ان حالات میں ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راخوئے نے حکومتی انتظامات سنبھال لیے ہیں۔ اس طرح اب یہ علاقہ ’جبری انتظامیہ‘ کے تحت کام کر رہا ہے۔ اس دوران راخوئے نے بارسلونا کی پارلیمان کو تحلیل کرتے ہوئے اکیس دسمبر کو نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

 بتایا گیا ہے کہ کاتالونیا کے بے دخل کیے جانے والے سربراہ حکومت پوج ڈیمونٹ پر سرکشی اور بغاوت کے مقدمات قائم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر اسپین سے خود مختاری کے حصول کی کوششیں کرنے والے سیاستدانوں نے کاتالونیا کے سرکاری محکموں میں کام کرنے والے ملازمین سے ان اقدامات کے خلاف خاموش مزاحمت  شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

Treffen der spanischen Staatssekretäre in Land Manag
تصویر: Imago/Agencia EFE

اسی دوران آج ہفتے کے روز ہسپانونی حکومت نے کاتالونیا کے پولیس سربراہ جوزیپ لولوئی تراپیرو کو بھی ان کے عہدے سے  معطّل کر دیا ہے۔ اس اقدام کے بعد کاتالونیا کی علاقائی پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انہیں غیر جانبدار طرز عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنی ہوں گی اور اس تنازعے میں کسی بھی فریق کی طرف داری نہ کی جائے۔

میڈرڈ حکومت نے تراپیرو کو علیحدگی پسند رہنماؤں کا ساتھی سمجھتے ہوئے ان کے عہدے سے ہٹایا ہے۔ ہسپانوی حکام کے مطابق کاتالونیا کے پولیس سربراہ تراپیرو نے یکم اکتوبر کو ہونے والے خود مختاری کے متنازعہ ریفرنڈم کے حوالے سے عدالتی حکم کی نافرمانی کی تھی۔

دوسری جانب ماہرین کے خیال میں یہ ابھی غیر واضح ہے کہ کاتالونیا میں نئے انتخابات علیحدگی کے لیے چلنے والی والی اس تحریک سے منسلک مسائل کو حل کر پائے گی۔ اس بارے میں موجود جائزوں کے مطابق اگر انتخابات ہوئے تو اسپین سے کاتالونیا کی آزادی کی حمایت کرنے والی جماعتیں اپنی معمولی سے برتری برقرار رکھ پائیں گی تاہم ان جماعتوں کے لیے پچاس فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ممکن نہیں ہو گا

 

کاتالونیا کا بحران، اب کیا ہو گا؟