1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین کے نئے دستوری بادشاہ فلیپے ششم

عابد حسین19 جون 2014

بدھ اور جمعرات کی نیم شب میں فلیپے ششم کے سر پر ہسپانوی بادشاہت کا تاج سج گیا ہے۔ اُن کے والد نے تخت سے دستبرداری کی دستوری دستاویز پر بدھ کی شام میں دستخط کیے تھے۔

https://p.dw.com/p/1CLjr
خوان کارلوس اور فلیپے ششمتصویر: Reuters

اسپین کی دستوری بادشاہت پر 39 برس تک براجمان رہنے والے خوان کارلوس (Juan Carlos) نے بدھ کی شام تخت سے دستبرداری کی قانونی دستاویز پر دستخط کیے۔ یہ دستوری دستاویز ہسپانوی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد خوان کارلوس کو حتمی توثیق کے لیے پیش کی گئی تھی۔ اس دستاویز پر دستخط کے بعد بدھ اور جمعرات کی ٹھیک آدھی رات کو خوان کارلوس کے 46 سالہ بیٹے فلیپے ششم (Felipe VI) اسپین کے نئے دستوری بادشاہ بن گئے۔

Bildergalerie Spanien Königsfamilie
خوان کارلوس، ملکہ صوفیہ، نئے بادشاہ فلیپے ششم اور اُن کی اہلیہ لیٹٹسیاتصویر: picture-alliance/dpa

دستبردار ہونے والے کِنگ خوان کارلوس نے پارلیمنٹ کے منظور شدہ قانون پر دستخط کرنے کے بعد اپنے بیٹے سے معانقہ کیا۔ اِس تبدیلی کے وقت اُن کی آنکھیں نم زدہ تھیں۔ اسپین کے جدید جمہوری دور میں دستوری بادشاہت میں یہ پہلی تبدیلی پیدا ہوئی ہے۔ ہسپانوی پارلیمنٹ کے منظور شدہ قانون کی توثیق کرنے کی تقریب میں علیل خوان کارلوس بغیر کسی سہارے کے کھڑے تھے۔ وہ حالیہ دنوں میں اپنی کمر کے مختلف آپریشنوں کے بعد باقاعدہ سہارے کے لیے چھڑی ہاتھ میں رکھتے ہیں۔ تقریب میں وہ اپنے بیٹے کے بازو کو تھامے ہوئے تھے۔

بادشاہت میں تبدیلی کے قانون میں تبدیلی کے بعد نئے بادشاہ کو ہسپانوی قومی ترانہ بجا کر ابتدائی سلامی دی گئی۔ آج صبح فلیپے ششم کے ہسپانوی بادشاہ بننے کی باقاعدہ تقریب کا اہتمام ہو گا۔ وہ آج پارلیمنٹ میں ہسپانوی دستور سے وفاداری کا حلف اٹھائیں گے اور پھر ایک جلوس کے ذریعے انہیں شاہی محل لے جایا جائے گا اور وہاں اُن کے سر پر تاج رکھ دا جائے گا۔ اُن کی خوبرُو اہلیہ لیٹٹسیا اب اسپین کی نئی ملکہ بن جائیں گی۔

König Juan Carlos Abdankung 18.06.2014
خوان کارلوس اپنی دستبرداری کے قانون پر دستخط کرتے ہوئےتصویر: Reuters

قومی ترانے کے بعد دستبردار ہونے والے بادشاہ خوان کارلوس اور اُن کی اہلیہ ملکہ صوفیہ نے دیگر حاضرین کے ساتھ تالیاں بجا کر نئے بادشاہ کا خیر مقدم کیا۔ خوان کارلوس سن 1975 میں ہسپانوی ڈکٹیٹر فرانسیسکو فرانکو کی موت کے بعد تخت نشین ہوئے تھے۔ یہ امر اہم ہے کہ ڈکٹیٹر فرانکو نے خوان کارلوس کی بطور شاہ کے نامزدگی کی تھی۔ اُن کی شہرت کو حالیہ برسوں میں اُن اور ان خاندان کے افراد پر لگائے گئے کرپشن الزامات سے خاصی ٹھیس پہنچی تھی۔

ہسپانوی دارالحکومت میں کل شام سے ہی نئے بادشاہ کی تخت نشینی کے حوالے سے عام لوگ خاصے متحرک تھے۔ فلیپے ششم کی تصویر والی ٹی شرٹوں کی فروخت میں بےپناہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ میڈرڈ میں لوگ جمعرات کے روز جشن منانے کی پوری تیاری میں ہیں۔ دوسری جانب نئے بادشاہ فلیپے کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ سب سے اہم اپنے خاندان پر لگے بدعنوانیوں کے دھبوں کو صاف کرنا اہم خیال کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ اُن کا ملک کساد بازاری کا شکار ہے اور اِن دنوں شدید اقتصادی گراوٹ کا سامنا کر رہا ہے۔ اسی طرح کتلونیا کا علاقہ آزادی کا نقارہ بلند کیے ہوئے ہے۔