1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اطالوی وزیر داخلہ کی جانب سے افریقی مہاجرین کو خوش آمدید

15 نومبر 2018

اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے حال ہی میں اقوام متحدہ کے ذریعے لیبیا سے اٹلی لائے گئے درجنوں افریقی مہاجرین سے ملاقات کی ہے۔ سالوینی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ اٹلی ایک ’ فراخ دل اور مدد گار‘ ملک ہے۔

https://p.dw.com/p/38HxV
Italien - Innenminister Matteo Salvini
تصویر: Reuters/S. Rellandini

مہاجرین کے حوالے سے سخت موقف کے حامل اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی اب تک امیگریشن  پر اپنے اسی نقطہ نظر کو آگے بڑھاتے چلے آئے ہیں۔ روم کے قریب ایک ملٹری ایئر پورٹ پر سالوینی نے اکیاون افریقی مہاجرین سے ملاقات کی، جن میں سے زیادہ تر خواتین اور بچوں پر مشتمل خاندان تھے۔

سالوینی نے ان مہاجرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ایسی خواتین اور بچوں کے لیے مہاجرت کا سفر اختیار کرنا جو مشکل میں ہیں، محفوظ راستہ صرف ہوائی جہاز کے ذریعے ہے نہ کی ڈنگی کشتیوں سے، کیونکہ کشتیوں سے سمندر پار کرانے کا انتظام انسانی اسمگلر کرتے ہیں جو اس طرح حاصل ہونے والی آمدنی سے ہتھیار خریدتے ہیں۔ مہاجرین کو اس طرح لیبیا سے لانا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اٹلی ایک فراخ دل اور مدد گار ملک ہے جہاں مجھے اس عمل کو اصول و ضوابط کے مطابق کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔‘‘

Lampedusa Flüchtlinge
سن 2015 سے اب تک ہزار ہا مہاجرین سمندر کے راستے اٹلی پہنچے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

بتیس بالغوں اور انیس بچوں پر مشتمل پناہ گزینوں کے اس گروپ کا تعلق ایتھوپیا، اریٹیریا، صومالیہ اور سوڈان سے ہے۔ یہ اُن دو ہزار تین سو غیر محفوظ افراد میں سے ہیں جنہیں یو این ایچ سی آر نے گزشتہ برس دسمبر سے نائجیریا کے راستے لیبیا سے نکالا ہے۔ ان مہاجرین کو کیتھولک ایسوسی ایشن نے اٹلی میں میزبان خاندانوں کے سپرد کیا ہے۔

پینتالیس سالہ سالوینی سن 2013ء سے انتہائی دائیں بازو کی جماعت لیگ کے سربراہ ہیں۔ اس سے قبل وہ اٹلی کے شمالی حصے کی علیحدگی کی حامی جماعت شمالی لیگ کے سربراہ تھے، تاہم انہوں نے حالیہ کچھ عرصے میں ’اطالوی فرسٹ‘ کے نعرے کے ساتھ اپنے آپ کو نہ صرف قومی سیاسی دھارے میں شامل کیا بلکہ اب ان کی جماعت کو بڑی عوامی مقبولیت بھی حاصل ہے۔

سالوینی مہاجرین کے حوالے سے بہت سخت موقف رکھتے ہیں۔ کٹر نظریات کے حامل اطالوی وزیر داخلہ سالوینی کا کہنا ہے کہ وہ اٹلی کو ’مہاجر کیمپ‘ نہیں بننے دیں گے۔

ص ح / ش ح / نیوز ایجنسی