1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں نیٹو کے اڈے پر خود کش حملہ

3 مئی 2010

مشرقی افغانستان میں ہوئے ایک خودکش حملے میں ایک افغان شہری ہلاک جبکہ دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ پیر کو صوبہ خوست میں واقع نیٹو کے ایک فوجی اڈے کے باہر کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/ND1Q
تصویر: AP

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ حملہ کار میں سوار ایک خود کش حملہ آور نے کیا۔ خوست صوبے کے گورنر کے ترجمان مباریز زردان نے اس حملے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اُسی امریکی چھاؤنی کے باہر کیا گیا جہاں گزشتہ سال دسمبر میں ہوئے ایک حملے میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سات اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

پاکستان کی سرحد سے ملحقہ اس علاقے کو طالبان باغیوں کا ایک اہم ٹھکانہ سمجھا جاتا ہے۔ خوست پولیس کے سربراہ عبدالحکیم اسحاق زئی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کوبتایا ہے کہ حملہ آور نے بارود سے بھری اپنی کار سے اُس وقت حملہ کیا جب پانی کا ایک ٹینکر چھاؤنی کے اندر لے جایا جا رہا تھا۔

طالبان کے ترجمان زبیح اللہ مجاہد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ/ خبر رساں ادارے

ادارت: کشور مصطفیٰ