1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان : چار نیٹو فوجیوں سمیت اٹھارہ افراد ہلاک

16 دسمبر 2009

بدھ کے روز افغانستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے بم حملوں کے مختلف واقعات میں چار نیٹو فوجیوں سمیت اٹھارہ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/L3vf
تصویر: AP

جنوبی افغانستان میں بم دھماکوں کے دو تازہ واقعات پیش آئے۔ ان واقعات میں نیٹو فوج کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے۔ ایک بم دھماکے میں ایک امریکی فوجی کے ساتھ ساتھ ایستونیا کا ایک فوجی بھی مارا گیا۔ سڑک کے کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے دو برطانوی اور دو افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔ انٹرنیشنل سیکیورٹی اسسٹنس فورس کے ترجمان کیپٹن روئے ہرمکین نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

Kabul Anschlag Flughafen Terror Taliban
رواں برس غیر ملکی فوجیوں کے لئے انتہائی تباہ کن رہاتصویر: AP

افغان حکام کے مطابق ایک اور خونریز واقعہ مشرقی افغان صوبے ننگرہار میں پیش آیا۔ اس واقعے میں عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر ایک گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں چھ افغان شہری ہلاک ہوگئے۔

افغانستان کے نسبتاً پرامن سمجھے جانے والے مغربی صوبے ہرات میں منگل کی شام ہونے والے ایک بم دھماکے میں افغان پولیس فورس کے چار اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں پولیس کے ضلعی سربراہ بھی شامل ہیں۔

نیٹو فوجیوں کی ان تازہ ہلاکتوں کے ساتھ ہی رواں برس ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی کل تعداد اب 495 ہوگئی ہے۔ ان میں305 امریکی شامل ہیں۔ پچھلے برس افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 155 تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی