اقوام متحدہ شامی باشندوں کی مدد میں ’بری طرح ناکام‘
12 مارچ 2015ان امدادی تنظیموں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کونسل گزشتہ برس شامی باشندوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کو فروغ دینے سے متعلق منظور کردہ تین قراردادوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی ہے۔
انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے والی اور انسانی حقوق کے لیے کوشاں ان 21 تنظیموں نے بڑی طاقتوں اور عالمی برادری کو شام میں تباہ کُن انسانی المیے کے شکار باشندوں کی مدد کے حوالے سے ’ناکام‘ قرار دیا ہے۔ ان تنظیموں کی طرف سے یہ موقف ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب شام میں صدر بشارالاسد کے خلاف بغاوت اپنے پانچویں سال میں داخل ہو گئی ہے۔ پرامن احتجاج سے شروع ہو کر خانہ جنگی کی شکل اختیار کر جانے والی یہ بغاوت ایک ہلاکت خیز انسانی بحران بن چکی ہے۔ اس تنازعے نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
شام کے بحران کے آغاز سے اب تک دو لاکھ بیس ہزار انسان لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ایک ملین کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ چار ملین شامی باشندے اپنے گھر بار چھوڑ کر پڑوسی ممالک کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں اور وہاں جا کر انہوں نے خود کو بطور مہاجر رجسٹر کروا رکھا ہے۔ ملک کے اندر ہی بے گھر ہو جانے والے شامی باشندوں کی تعداد 7.6 ملین بنتی ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق اس وقت 12.2 ملین شامی باشندوں کو انسانی بنیادوں پر امداد کی اشد ضرورت ہے۔
عالمی سلامتی کونسل شام کے بحران کے معاملے میں اپنے ہی اندر پائی جانے والی تقسیم اور اختلافات کے سبب مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ یہ اختلافات خاص طور پر گزشتہ برس شامی باشندوں کے لیے امداد میں اضافے سے متعلق تین قراردادوں کی منظوری کے سلسلے میں سامنے آئے۔ اس ضمن میں آخری قرارداد دسمبر 2014 ء میں متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی، جس کے ذریعے شام میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں سرحد پار سے امداد کی فراہمی میں توسیع کا فیصلہ دمشق حکومت کی منظوری کے بغیر کیا گیا تھا۔ تاہم انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امدادی تنظیموں اور انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق اس فیصلے کو ’سفارتی سطح پر عملی جامہ نہیں پہنایا گیا‘۔
ناروے کی پناہ گزینوں کی کونسل کے سیکرٹری جنرل ژان ایگیلینڈ کے بقول، ’’تلخ حقیقت یہ ہے کہ سلامتی کونسل اپنی قراردادوں کے نفاذ میں بالکل ناکام ہو چکی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’گزشتہ برس شام کی ہولناک جنگ کا اب تک کا تاریک ترین سال تھا۔ جنگی فریقین نے اقوام متحدہ کے مطالبات نظر انداز کرتے ہوئے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں اور انہیں جواب دہ نہ بنایا جا سکا۔ شامی شہریوں کو کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا گیا اور ان کی امداد تک رسائی بھی بہتر نہ بنائی گئی۔‘‘
ادھر دنیا بھر سے غربت اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے کوشش کرنے والی 17 تنظیموں کے اتحاد اور ’آکسفام‘ کے سربراہ اینڈی بیکر نے شامی تنازعے کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے، ’’ایسی کوئی بھی قرارداد کسی ایسی ماں کے لیے کیا معنی رکھتی ہے، جس کے گھر پر بم برسائے جائیں اور جس کے بچے بھوکے ہوں۔‘‘ اینڈی بیکر نے اقوام متحدہ کے قول و فعل کو ’’کھوکلا‘‘ قرار دیا۔
27 صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ میں ان تنظیموں نے کہا ہے کہ دنیا کے ان بحران زدہ علاقوں میں ایسے افراد کی تعداد گزشتہ برس تقریباً دگنی ہو کر 4.8 ملین ہو گئی، جنہیں فوری امداد کی ضرورت ہے جبکہ امداد پر انحصار کرنے والے بچوں کی تعداد 5.6 ملین تک پہنچ چکی ہے، جس میں 31 فیصد اضافہ محض پچھلے برس یعنی 2014ء میں ہوا۔