1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’الزامات ثابت ہونے تک کھلاڑی بے گناہ‘

2 ستمبر 2010

پاکستانی اعلٰی قیادت نے پہلی مرتبہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک الزامات ثابت نہیں ہوتے تینوں کھلاڑی بے گناہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/P2oa
تصویر: AP

اگرچہ محمد آصف، سلمان بٹ اور محمد عامر کو معطل نہیں کیا گیا ہے تاہم تینوں کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ کے باقی ماندہ میچوں میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔

برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے جمعرات کو متنازعہ کھلاڑیوں سے گفتگو کرنے کے بعد صحافیوں کو بتایا،’’ تینوں کھلاڑی، ان الزامات کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہی اس لئے انہوں نے رضاکارانہ طور پر اس سیریز سے باہر ہو جانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

Pakistan Cricket Manipulation
کامران اکمل اور فواد عالمتصویر: AP

واجد شمس الحسن نے کے مطابق ان کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ اس تنازعے میں بے گناہ ہیں اور وہ اپنا دفاع کریں گے۔ پاکستانی ہائی کمشنر کے بقول تینوں کھلاڑی الزامات ثابت ہونے تک بے گناہ ہیں اور اس بے گناہی کو ثابت کرنے کے لئے قانونی طور پر کارروائی بھی کی جائے گی۔

پاکستانی ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ ، محمد عامر اور محمد آصف پر الزامات ہیں کہ لارڈ ٹیسٹ کے دوران انہوں نے سپاٹ فکنسگ کی۔ ’نیوز آف دی ورلڈ‘ کی ایک انڈر کور سٹوری میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس میچ میں محمد آصف اور محمد عامر سٹے بازی کے مرتکب ہوئے اور انہوں نے دانستہ طور پر تین’نو بولز‘ کروائیں۔

Pakistan Cricket Manipulation Mohammad Asif
سپاٹ فسکنگ کے مرکزی ملزم محمد آصفتصویر: AP

بدھ کی رات تک پاکستانی حکام کی طرف سے متنازعہ رپورٹیں موصول ہوتی رہیں کہ ان کھلاڑیوں کو باقی ماندہ سیریز سے باہر کیا جائے گا یا نہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمن اعجاز بٹ اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل ICC کے چیف ایگزیکٹو ہارون لوگارٹ کے مابین بدھ کی رات ہونے والی ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ یہ تینوں کھلاڑی ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز سے باہر کر دئے جائیں گے۔

جمعرات کی صبح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینیجر یاور سعید نے تصدیق کی کہ ان تینوں کھلاڑیوں کو باقی ماندہ سیریز سے باہر کیا جا رہا ہے تاہم وہ معطل نہیں کئے گئے ہیں۔

دوسری طرف ICC کے اینٹی کرپشن حکام نے لاہور میں محمد آصف کی سابقہ گرل فرینڈ وینا ملک سے ملاقات کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ملاقات میچ فکسنگ اور سپاٹ فکنسگ کے سلسلے میں جاری تحقیقات کا حصہ تھی۔ شوبز کی دنیا سے وابستہ وینا ملک کے ترجمان سہیل وحید نے اس ملاقات کی تصدیق کی ہے تاہم کیا بات چیت ہوئی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اس کرکٹ سکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد بتیس سالہ وینا ملک نے دعوی کیا تھا کہ محمد آصف سٹےباز ہے۔

Pakistan Schauspielerin Veena Malik
پاکستانی فلم اور ٹی وی سٹار وینا ملکتصویر: AP

ان تمام حادثات کے بیچ ٹاؤنٹین میں پاکستانی کرکٹ ٹیم جمعرات کے دن سمر سیٹ کے خلاف وارم اپ میچ کھیل رہی ہے۔ شاہد آفریدی کی کپتانی میں کھیلے جا رہے اس ایک روزہ سائیڈ میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 264 رنز بنائیں ہیں۔ پاکستان کو اس معقول ٹوٹل تک پہنچانے کے لئے اوپنر شاہ زیب حسن نے 105 جبکہ فواد عالم نے 97 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاص کارکردگی نہ دکھا سکا اور پاکستانی ٹیم 47.3 اوورز میں ہی آؤٹ ہو گئی۔ سمر سیٹ کی اننگز جاری ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں