1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امريکا کا فيصلہ: تجارت ميں بھارت کے ليے ترجيحی حيثيت ختم

جاوید اختر، نئی دہلی
5 مارچ 2019

بھارت ابھی پاکستان کے ساتھ جنگ کی صورتحال سے پوری طرح نکلا بھی نہیں ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے تجارت کے شعبے ميں ترجیحی ملک (جی پی ایس) کی حیثیت کے خاتمے کا فيصلہ کر ليا ہے۔

https://p.dw.com/p/3ETH6
Narendra Modi
تصویر: picture-alliance/dpa/TASS/M. Metzel

امریکا کے اس فیصلے کو بھارت کے ليے ایک بڑا دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم نئی دہلی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور بالخصوص باہمی تجارت پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔

امریکا نے پلوامہ حملے اور پھر پاکستان کے علاقے بالا کوٹ میں جیش محمد کے مبینہ ٹھکانوں پر بھارتی فضائی حملے کے معاملات پر بھارت کے موقف کی تائید کی تھی، جس پر نئی دہلی نے مسرت کا اظہار کیا تھا لیکن جی پی ایس کی حیثیت کو ختم کرنے کے تازہ فیصلے سے بھارت کو بڑا دھچکہ لگا ہے۔ سن 2017 میں امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت کے خلاف اسے سب سے بڑا قدم قرار ديا جا رہا ہے۔

امریکی صدر نے کانگریس کو ارسال کردہ ایک خط میں آگاہ کیا ہے، ’’میں یہ قدم اس لیے اٹھا رہا ہوں کيونکہ امریکا اور بھارت کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ نئی دہلی انتظاميہ نے واشنگٹن انتظاميہ کو یہ یقین دہانی نہیں کرائی ہے کہ وہ اپنی مارکیٹ تک منصفانہ اور مناسب رسائی دے گی۔‘‘ ٹرمپ کے اس خط کے بعد امریکا کے تجارت سے متعلق دفتر نے ایک بیان میں وضاحت پيش کی کہ واشنگٹن جی پی ایس کے تحت بھارت اور ترکی کو دی گئی ترجیحی حیثیت ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک اس حیثیت کے ليے معیارات پر پورا نہیں اترتے۔ بیان کے مطابق بھارت یہ یقین دہانی کرانے میں ناکام رہا ہے کہ وہ امریکا کو اپنی مارکیٹ تک رسائی دے گا۔ بھارت نے کئی تجارتی رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں جن کی وجہ سے امریکا کی تجارت پر منفی اثرات پڑ رہے ہيں۔

دوسری جانب بھارتی حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ اس امريکی فيصلے سے ملکی معیشت پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔ بھارت کے کامرس سيکريٹری انوپ وادھوا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’جی پی ایس حیثیت ختم کرنے سے امریکا کو کی جانے والی بھارتی برآمدات پر کوئی زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ ہمارے امریکا سے بہت گہرے تعلقات ہیں۔ امریکا آئندہ ساٹھ دنوں کے اندر جی پی ایس کی حيثيت ختم کر دے گا لیکن اس کے باوجود، واشنگٹن کے ساتھ ہمارے تعلقات بنے رہیں گے اور ہم بات چیت جاری رکھیں گے۔‘‘

وادھوا کا مزید کہنا تھا، ’’امریکا نے محصول میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا جسے پورا نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت کو اپنی ترقی اور عوامی بہبود کے ليے چوکنا رہنا ہوگا۔ ہماری کوشش ہے کہ عوامی مفادات کو نقصان پہنچائے بغیر سستی قیمت کے توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بھارت تمام متعلقہ امور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے ليے عہد بند ہے اور انہیں اتفاق رائے سے سلجھا لیا جائے گا۔ کامرس سيکریٹری نے يہ بھی بتايا کہ بھارت میں کسٹم ڈیوٹی اوسطاً سات اعشاریہ چھ فیصد ہے جو دیگر ترقی پذیر ملکوں ميں لاگو کسٹم ڈیوٹی کے برابر ہی ہے۔

امریکا کے تازہ ترین فیصلے پر بھارتی اپوزیشن جماعتو ں نے وزير اعظم نريندر مودی کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے کہا کہ یہ بھارت کے خلاف امریکا کی تجارتی جنگ ہے۔ کانگریس نے جی پی ایس ختم کيے جانے کو مودی حکومت کی ایک اور ’سفارتی ناکامی‘ قرار دیا۔ کانگریس کے ترجمان اور سابق وفاقی وزیر منیش تیواری نے ٹوئيٹ کر کے کہا، ’’ہر معانقہ کام نہیں کرتا مودی جی! ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ تجارتی جنگ شروع کر دی ہے۔ پہلے او آئی سی میں ناکامی اور اب یہ۔ بلا شبہ، یہ نہایت شاندار سفارت کاری ہے۔‘‘

جی پی ایس کیا ہے؟


امریکا نے جی پی ایس کا آغاز سن 1976میں ترقی پذیر ملکو ں میں اقتصادی ترقی میں اضافے کے ليے کیا تھا۔ اس کے تحت چند اشیاء کو ڈیوٹی فری یا معمولی محصولات پر درآمد کی اجازت دی جاتی ہے۔ ابھی تک تقریباً 129ملکوں کی لگ بھگ 4800 اشیاء کو جی پی ایس کے تحت فائدہ مل رہا ہے۔ امریکا اور برطانیہ کے علاوہ یورپی یونین بھی جی پی ایس کے تحت کچھ چیزیں ترقی پذیر ملکوں سے درآمد کرتے ہیں۔ اس کا ایک اور مقصد ترقی پذیر ملکوں کی معیشت کو بہتر بنانا اور غربت ختم کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

امریکا کی طرف سے ترجیحی تجارت کی سہولت کی وجہ سے بھارت ہر سال امریکا کو پانچ ارب ساٹھ کروڑ کی مصنوعات بغیر محصولات کے برآمد کرتا ہے، جس سے اسے سالانہ انيس کروڑ ڈالر کا منافع حاصل ہوتا ہے۔ بھارت امریکا کے ساتھ ٹریڈ سرپلس والا گیارہواں سب سے بڑا ملک بھی ہے۔ سن 2017 اور سن 2018 ميں بھارت کا امریکا کے ساتھ تجارتی سرپلس اکیس ارب ڈالر کے قریب تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار یہ کہہ چکے ہیں کہ بھارت امریکی مصنوعات پر کافی زیادہ ٹیکس وصول کرتا ہے۔ انہو ں نے يہ بھی کہا تھا کہ جب امريکا بھارت کو موٹر سائیکل بھیجتا ہے، تو اس پر ایک سو فیصد محصول لگایا جاتا ہے لیکن جب بھارت امريکا موٹر سائیکل برآمد کرتا ہے تو امريکا کوئی محصول عائد نہیں کرتا۔

امریکی صدر کا یہ فیصلہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب بھارت میں عام انتخابات ہونے والے ہیں اور یہ وزیراعظم نریندر مودی کے ليے مشکلات ميں اضافہ کر سکتا ہے۔ وہ دوبارہ منتخب ہونے کے ليے کوششيں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ ملک کی اقتصادی ترقی کے سلسلے میں اپوزیشن انتخابی ماحول میں کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید