1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا جانے والی پروازوں کی سکیورٹی سخت

عاطف توقیر3 جولائی 2014

ان اطلاعات کہ بعد کے دہشت گرد تنظیم القاعدہ ایسے بم تیار کرنے کی کوشش میں ہے، جو ایئرپورٹ کے سکیورٹی نظام کی پکڑ میں نہ آ سکیں، امریکی حکام نے امریکا جانے والی پروازوں کی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1CV19
تصویر: AP

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واشنگٹن حکومت نے متعدد غیرملکی ہوائی اڈوں کو ہدایات دی ہیں کہ امریکا کے لیے پرواز کرنے والے مسافروں اور طیاروں کی سخت ترین چیکنگ کی جائے۔ انسداد دہشت گردی کے شعبے سے وابستہ ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات چیت میں امریکا کے لیے پروازوں میں سکیورٹی میں اضافے کی خبروں کی تصدیق کی۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے یہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں کہ یہ اقدامات کن خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کےمطابق ماضی میں سکیورٹی حکام ایسے غیردھاتی دھماکا خیز مواد کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں، جو کسی مسافر کے جسم کے اندر چھپایا جا سکتا ہے۔ ایسے مواد میٹل ڈیٹیکٹر یا عمومی تلاشی سے نہیں پکڑا جا سکتا۔

Sicherheitskontrolle Flughafen
امریکا جانے والی پروازوں میں مسافروں کی مزید سخت چیکنگ کی جائے گیتصویر: AP

انسداد دہشت گردی کے امریکی ادارے سے وابستہ اس عہدیدار نے بتایا کہ فی الحال ایسے کسی حملے کا کوئی براہ راست خطرہ تو موجود نہیں، تاہم احتیاطی تدبیر کے طور پر یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا کے ہوم لینڈ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے افریقہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کے ہوائی اڈوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ امریکا کے لیے اڑنے والی پروازوں کے مسافروں کی سخت چیکنگ کریں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق خفیہ اداروں کو ایسے اشارے ملے ہیں کہ یمن میں القاعدہ کے ارکان نے شام میں اس دہشت گرد تنظیم سے روابط رکھنے والے گروپوں سے ملاقاتیں کی ہیں اور وہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ یہ گروہ ایک ’پرفیکٹ‘ بم تیار کرنے کی کوشش میں ہیں، جس کے ذریعے ایئرپورٹ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں کو چکما دیا جا سکے۔

امریکا اور دیگر مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے متعدد شہریوں نے گزشتہ کچھ عرصے میں شام کا سفر کیا، وہاں حکومت کے خلاف لڑنے والے شدت پسند اسلامی گروہ النصرہ فرنٹ میں شمولیت اختیار کی اور اب یہ افراد امریکا اور دیگر مغربی ممالک جانے والی پروازوں میں سوار ہو کر ایسے بموں کے ذریعے دہشت گردانہ حملےکر سکتے ہیں۔

امریکی اعلان کے بعد برطانیہ نے بھی ایئرپورٹ سکیورٹی سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لندن حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر کیے بغیر ایک برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ان اقدامات سے زیادہ تر مسافروں کو پریشانی نہیں ہو گی، تاہم سکیورٹی چیکنگ کے مقام پر عام حالات کی نسبت زیادہ لمبی قطاریں رہیں گی۔