امریکا: فائرنگ میں متعدد افراد ہلاک
1 اپریل 2021امریکی ریاست کلیفورنیا میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی علاقے میں واقع ایک دفتر کے اندر ہونے والی اندھا دھند فائرنگ میں کم از کم چار افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق متاثرین میں ایک بچہ بھی شامل ہے اور اب حالات پر قابو پا لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ لاس انجلس کے جنوب میں واقع اورینج کے لنکن ایونیو میں مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے ایک دو منزلہ عمارت میں واقع دفتر کے اندر پیش آیا۔
ابھی اس حملے کی محرکات کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی یہ بات واضح ہے کہ اس وقت دفتر میں بچہ کس وجہ سے موجود تھا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے میں مزید ایک شخص بری طرح سے زخمی ہوا ہے جبکہ حملہ آور بھی پولیس کی فائرنگ میں زخمی ہوگیا جسے اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔ تاہم اس کی تازہ صورت حال کے بارے میں مزید تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے شروع ہوا تھا اور سات بجے تک اس پر پوری طرح سے قابو پا لیا گیا۔
ریاستی گورنر گیون نیوسم نے اپنی ایک ٹویٹ میں ان ہلاکتوں کو، ''ہولناک اور دل دہلانے والا بتایا۔'' انہوں نے لکھا، ''ہمارے دل ان افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں جو آج کی رات ہونے والے اس خوفناک سانحے سے متاثر ہوئے ہیں۔''
ایک مقامی میڈیا ادارے، 'اورینج کاؤنٹی رجسٹر' کی ایک رپورٹ کے مطابق جس عمارت میں یہ واقعہ پیش آیا اس کے پڑوس میں رہنے والے ایک شخص نے فیس بک پر جو فوٹیج پوسٹ کی ہے اس میں بعض پولیس حکام کو لاشوں کو باہر نکالتے اور بعض کو طبی امداد فراہم کرتے
ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس فوٹیج میں ایک دیگر پولیس افسر کو بھی ایک ایسے شخص سے دو بندوقوں کو اٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو زمین پر پڑا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دو افراد کو ہتھکڑی پہنا کر وہاں سے باہر لے جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران امریکا میں اندھا دھند فائرنگ کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق 22 مارچ کو بھی امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر بولڈر میں کے ایک سپربازار میں ہونے والی اندھا دھند فائرنگ میں کم سے کم دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار بھی حملہ آور کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا۔
ص ز/ ج ا (اے پی، روئٹرز، ڈی پی اے)