1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا فرانس کی نقل کرنا چاہتا ہے

7 فروری 2018

وائٹ ہاؤس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بڑی فوجی پریڈ کرانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ امریکا میں اس طرح کی عسکری پریڈ کا مظاہرہ ایک غیر روایتی اقدام ہے۔

https://p.dw.com/p/2sGUk
تصویر: Reuters/G. Fuentes

وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے بتایا ہےکہ صدر ٹرمپ ان فوجیوں کی بہت شدت سے حمایت کرتے ہیں، جو ملک کے تحفظ کی خاطر اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ ٹرمپ نے وزارت دفاع سے کہا ہے کہ وہ کوئی ایسا موقع تلاش کریں، جس میں ان فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔ پینٹاگون نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے تاہم ابھی تک اس حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

Frankreich Nationalfeiertag in Paris | US-Soldaten
تصویر: Reuters/Y. Herman

ٹرمپ کو یہ خیال اس وقت آیا تھا جب وہ گزشتہ برس جولائی میں فرانس کے قومی دن کے موقع پر باستی ڈے پریڈ میں شریک ہوئے تھے۔ اس موقع پر وہ پیرس کی مرکزی شاہراہ شانزے ایلیزے پر گھوڑ سوار فوجیوں اور فضا میں اڑتے جنگی طیاروں کی جانب سے صدر ایمانوئیل ماکروں کو دی جانے والی سلامی سے متاثر ہوئے تھے۔ اس کے چند ماہ بعد ہی ٹرمپ نے عوام کے سامنے کہا تھا، ’’ہم چار جولائی کو پینسلواینیا ایوینیو پر اس طرح کی پریڈ کرتے ہوئے اپنی فوجی وقت کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔‘‘ کہا جاتا ہے کہ ٹرمپ اُس موقع پر بھی اِس طرح کی فوجی پریڈ کی خواہش رکھتے تھے، جب انہوں نے سربراہ مملکت کا حلف اٹھایا تھا۔‘‘

 ٹرمپ کے اس خیال پر چند حلقوں کی جانب سے تنقید بھی کی گئی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے کانگرس کے رکن جم مکگورن نے اس پیش رفت پر کہا، ’’یہ پیسے ضائع کرنے کا ایک غیر معقول طریقہ ہے۔ ٹرمپ کا انداز صدر سے زیادہ ایک آمر کی طرح کا ہے۔ امریکی شہری بہتر کے حق دار ہیں۔‘‘