1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ: اب بندوق کی گولیاں گروسری اسٹورز پر بھی دستیاب

11 جولائی 2024

امریکہ میں اب گروسری اسٹورز پر دودھ اور انڈوں کے ساتھ بندوق کی گولیاں خریدنے کی سہولیت دستیاب ہو گئی ہے۔ ایک کمپنی نے کئی شہروں میں گولیاں فراہم کرنے والی کمپیوٹرائزڈ وینڈنگ مشینیں پنساری کی دکانوں پرنصب کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4i8Xk
اب دودھ، بریڈ اور انڈے کی طرح بندوق کی گولیاں بھی پنساری کی دکانوں میں مل سکتی ہیں
اب دودھ، بریڈ اور انڈے کی طرح بندوق کی گولیاں بھی پنساری کی دکانوں میں مل سکتی ہیںتصویر: Yegor Aleyev/dpa/TASS/picture alliance

امریکن راؤنڈز نامی کمپنی نے الاباما، اوکلا ہوما اور ٹکساس میں متعدد گروسری اسٹورز پر خصوصی کمپیوٹرائزڈ وینڈنگ مشینیں نصب کردی ہیں، جہاں سے کوئی شخص دودھ، بریڈ اور انڈے کی طرح بندوق کی گولیاں بھی حاصل کرسکتا ہے۔

 کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی مشینیں گولیاں خریدنے والے شخص کا چہرہ اسکین کرلیتی ہیں اور سافٹ ویئر اس کے ڈرائیونگ لائسنس میں درج عمر اور دیگر تفصیلات کی' تیزی اور آسانی سے' تصدیق کرتی ہے۔

امریکہ میں بالغ افراد کو اسلحہ رکھنے کی آزادی ہے۔ تاہم اس آزادی کے استعمال کے لیے کچھ قانونی تقاضے پورے کرنے پڑتے ہیں۔ جب کوئی بالغ شخص اسلحہ یا اس کی گولیاں لینے کے لیے ہتھیاروں کے اسٹور پر جاتا ہے تو اسے اپنی مطلوبہ چیز تمام قانونی مراحل سے گزرنے کے بعد ہی ملتی ہے۔

ہتھیاریوں پر پابندی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان وینڈنگ مشینوں کی تنصب سے ایک ایسے ملک میں ہلاکتوں کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے، جہاں صرف یوم آزادی کی تقریبات میں خوشی کے اظہار کے لیے فائرنگ سے ہر سال کم از کم 33 افراد اندھی گولیوں کا نشانہ بن جاتے ہیں۔

ہتھیاریوں پر پابندی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان وینڈنگ مشینوں کی تنصب سے امریکہ میں ہلاکتوں کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے
ہتھیاریوں پر پابندی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان وینڈنگ مشینوں کی تنصب سے امریکہ میں ہلاکتوں کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہےتصویر: Shannon Hicks /Newtown Bee/dpa/picture-alliance

لیکن یہ اتنا آسان بھی نہیں ہے

امریکہ کے وفاقی قانون کے تحت شاٹ گن اور رائفل کی گولیوں کے لیے خریدار کی عمر 18 سال، اور ہینڈ گن کے بارود کے لیے 21 سال کا ہونا ضروری ہے۔ امریکن راؤنڈز کا کہنا ہے کہ وہ 21 سال سے کم عمر کے شخص کو کسی بھی ہتھیار کی گولیاں فروخت نہیں کرتی۔

وینڈنگ مشین سے گولیاں خریدنا بظاہر آسان لگتا ہے لیکن اتنا بھی آسان نہیں ہے بلکہ وہاں بھی تمام قانونی ضرورتیں پوری کرنی ہوتی ہیں۔

البتہ وینڈنگ مشین کا کمپیوٹر اسلحہ اسٹور کے کاؤنٹر پر کھڑے شخص کی طرح کام کرتا ہے۔ وہ خریدار سے اس کا ڈرائیونگ لائسنس طلب کرتا ہے اور اسے سکین کر کے عمر کی تصدیق کرتا ہے۔ وہ خریدار کے چہرے کی تصویر لیتا ہے تاکہ یہ تصدیق ہو سکے کہ ڈرائیونگ لائسنس خریدار کا ہی ہے۔

پھر ڈیٹا بیس میں جا کر اس کا ریکارڈ چیک کرتا ہے کہ گولیوں کی خریداری کے حوالے سے اس کے لیے کوئی قانونی بندش تو نہیں ہے۔ ان تمام مراحل سے گزرنے اور قیمت وصول کرنے کے بعد وینڈنگ مشین اسے مطلوبہ مقدارمیں گولیاں دے دیتی ہے۔

امریکن راؤنڈز کے سی ای او گرنٹ میگرز کہتے ہیں کہ ہم اپنی وینڈنگ مشینیں زیادہ تر دیہی علاقوں میں لگا رہے ہیں کیونکہ انہیں جب شکار پر جانے کے لیے گولیوں کی ضرورت پڑتی ہے تو اس کے لیے انہیں ایک ڈیڑھ گھنٹہ گاڑی چلا کر دور دراز کے اسلحہ اسٹور پر جانا پڑتا ہے۔ اب انہیں آسانی سے گولیاں اپنے قصبے کے پنساری کی دکانوں میں وینڈنگ مشین سے مل جایا کریں گی۔

ج ا/  ص ز (اے پی)