1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کے ساتھ مذاکرات طالبان کے بغیر نہیں، حقانی گروپ

26 اکتوبر 2011

عسکری تنظیم حقانی گروپ کے ایک سینئر کمانڈر نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن مذاکرات کے لیے ان کا گروپ امریکہ سے علیحدہ سے بات چیت نہیں کرے گا۔

https://p.dw.com/p/12z8m
پاکستان میں امریکہ کے خلاف ایک مظاہرے کا منظرتصویر: picture alliance/dpa

حقانی گروپ کے ایک کمانڈر نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان امن مذاکرات میں طالبان کا ہونا لازمی ہے۔ روئٹرز نے اس کمانڈر کا نام ظاہر نہیں کیا ہے۔

عسکری گروہ حقانی گروپ کے کمانڈر کے بقول ان کا گروپ امریکہ کے ساتھ مذاکرت میں علیحدہ سے شریک نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا، ’’امریکہ کو اس وقت تک افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں ملے گا جب تک کہ وہ طالبان شوریٰ سے مذاکرات نہیں کرے گا۔‘‘

Pakistan USA Außenministerin Hillary Rodham Clinton bei Hina Rabbani Khar in Islamabad Flash-Galerie
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اسلام آباد میں پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے ساتھتصویر: picture alliance/landov

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے اپنے دورہء پاکستان کے موقع پر پاکستانی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ حقانی گروپ کو امن پر قائل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ بیشتر امریکی اور بعض پاکستانی مبصرین کے مطابق پاکستانی حکام کا حقانی گروپ پر خاصا اثر و رسوخ ہے۔

روئٹرز کے مطابق نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر حقانی گروپ کے اس کمانڈر نے کہا، ’’یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ امریکہ نے ہم سے رابطہ کیا ہو۔ امریکہ اس سے قبل بھی ایسی کوششیں کر چکا ہے جسے ہم نے یہ کہہ کر رد کر دیا تھا کہ ہم ملا عمر کی قیادت میں طالبان کا ہی حصہ ہیں۔ ہم متحد ہیں اور ہمارا مقصد غیر ملکی طاقتوں سے اپنی سر زمین طالبان کو آزاد کرانا ہے۔‘‘

خیال رہے کہ امریکہ اور نیٹو افغانستان سے اپنی افواج کے مرحلہ وار انخلاء کا اعلان کر چکے ہیں۔ سن دو ہزار چودہ تک ان افواج کا مکمل انخلاء متوقع ہے تاہم افغانستان میں امن ہنوز قائم نہیں ہو سکا ہے۔ امریکی حکومت کی کوشش ہے کہ طاقت کے استعمال کے ساتھ بعض عسکریت پسندوں سے مذاکرات کا راستہ بھی ہموار کیا جائے تاکہ افغانستان میں امن قائم ہو سکے۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں