1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی اتحادی افواج کے الرقہ پر حملے، بیالیس شہری ہلاک

محمد علی خان، نیوز ایجنسی
22 اگست 2017

شام میں ایک مانیٹری گروپ کا کہنا ہے کہ جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے نام نہاد دارالخلافہ شامی شہر  الرقہ میں امریکا کے زیر قیادت اتحاد کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں میں بیالیس عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2icyR
Syrien Krieg - Luftangriff in Damaskus
آبزرویٹری کے مطابق امریکی اتحادی فوج کے طیاروں نے السخانی اور البادو سمیت آس پاس کے متعدد علاقوں پر شدید گولہ باری کی ہےتصویر: picture-alliance/Anadolu Agency/A. Al-Bushy

شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں انیس بچے اور بارہ خواتین بھی شامل ہیں۔ 

اس برطانوی واچ ڈاگ کے مطابق چودہ اگست سے اب تک ہلاک ہونے والوں عام شہریوں کی تعداد 167 سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسلامک اسٹیٹ یا ‘داعش‘  کے خبر رساں ادارے عماق کے مطابق اتوار کے روز  البادو کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر فضائی حملے میں 40 شہری ہلاک ہوئے تھے۔ ان فضائی حملوں نے متعدد عام شہریوں کو اسلامک اسٹیٹ کے زیر تسلط اس علاقے سے نکلنے پر مجبور کردیا ہے ۔

امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز  نے چھ  جون کو داعش کے زیر قبضہ اس اہم علاقے کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جنگی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ اس طرح اب تک امریکی حمایت یافتہ جنگجو متعدد علاقوں پر قبضہ کر چکے ہیں۔

 امریکا اور اس کی اتحادی فورسز کے مطابق کرد باغیوں اور سنی قبائل پر مشتمل سیرین ڈیموکریٹک فورسز کا گروپ شام میں داعش کے خلاف سب سے مؤثر گروپ ثابت ہو رہا ہے۔