'امریکی الزامات ، پاکستانیوں کے لیے دھوکے کے مترادف‘
12 جنوری 2018پاکستانی فوج کے شعبہء تعلقات عامہ سے جاری ہوئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل قمر باجوہ نے امریکی فوج کی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل جوزف ایل ووٹل سے فون پر گفتگو کی ہے۔ اس گفتگو میں جنرل باجوہ نے امریکی کمانڈر کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے بارے میں حالیہ بیانات کے حوالے سے کہا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے ایسے الزامات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہیں۔
آئی ایس پی آر کی آج جاری ہوئی پریس ریلیز کے مطابق جنرل باجوہ نے امریکی کمانڈر جنرل جوزف کو مزید کہا کہ امریکا کے ان بیانات پر تمام پاکستانی قوم ایسا محسوس کر رہی ہے جیسے اسے امریکا نے دھوکا دیا ہے اور تمام پاکستانی عوام کا ردعمل ایسے ہی جذبات کا غماز ہے۔
امریکی مرکزی کمان کے سربراہ جوزف ایل ووٹل نے جنرل باجوہ کو بتایا کہ امریکا پاکستان کے اندر کسی قسم کی یکطرفہ کارروائی کرنے کے بارے میں غور نہیں کر رہا اور وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی قدر کرتا ہے۔ جنرل جوزف کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تناؤ کی کیفیت عارضی ثابت ہو گی۔ اور یہ کہ امریکا پاکستان سے یہ چاہتا ہے کہ اُن افغان عسکریت پسندوں سے سختی سے نمٹا جائے جو افغانستان کے خلاف کارروائیوں کے لیے پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہیں۔
پاک آرمی کے سربراہ نے اس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکی امداد کے بغیر بھی دہشت گردی کے سدّباب کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ مزید یہ کہ اسلام آباد حکومت پاکستان میں افغان شہریوں کی سرگرمیوں پر امریکی خدشات سے بخوبی واقف ہے اور اس حوالے سے افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے سمیت کئی ایک اقدامات پہلے ہی اٹھائے جا چکے ہیں۔
اعلیٰ امریکی کمانڈر جوزف ایل ووٹل کی جانب سے موصول ہوئی فون کال پر اُن سے بات چیت میں جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکی امداد کی بحالی کا مطالبہ نہیں کرے گا لیکن اُسے توقع ہے کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے پاکستان کی قربانیوں اور تعاون کو تسلیم کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ نئے سال کے آغاز پر اپنے پہلے ٹوئٹ پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان کو پچھلے پندرہ برسوں میں بیوقوفانہ طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے زُمرے میں اربوں ڈالر کی امداد دی گئی، مگر اس کے بدلے میں پاکستان کی جانب سے امریکا کو فقط جھوٹ اور دھوکا ملا۔