امریکی صدارتی انتخابات: کون سا ’اسٹار‘ کس کا حمایتی؟
ہلیری کلنٹن یا ڈونلڈ ٹرمپ؟ امریکی ستاروں اور معروف شخصیات نے اپنے اپنے پسندیدہ امیدواروں کی منفرد طریقوں سے بھرپور انداز میں حمایت کی۔ کون سا ستارہ کس کی انتخابی مہم میں شامل رہا؟ دیکھیے ان تصاویر میں۔
لیٹس گیٹ لاؤڈ
Let´s get loud امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز کا ایک گیت ہے۔ انہوں نے بھرپور انداز میں ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کی حمایت کی۔ جان بون جووی بھی کلنٹن کے حق میں نکلے۔ ’’Love Trumps Hate‘‘ کے عنوان کے تحت ان گلوکاروں نے ملک بھر میں مفت کنسرٹس بھی کیے۔
ہلیری کے لیے
معروف امریکی گیت نگار اور گلوکارہ کیٹی پیری نے کنسرٹس کے ساتھ ساتھ ہلیری کلنٹن کے اُن اجتماعات میں بھی شرکت کی، جو انہوں نے طلبہ ہوسٹلز میں منعقد کیے۔ پیری کی حمایت کی انتہا اس وقت ہوئی، جب انہوں نے ایک ویڈیو میں برہنہ ہو کر کلنٹن کے حامیوں سے کہا کہ وہ ووٹ ڈالنے ضرور نکلیں۔
مضبوط مکّا
ایک ویڈیو میں اداکار روبرٹ ڈی نیرو نے واضح کر دیا کہ وہ کس امیدوار کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’وہ لوگ جو میرے اجتماع میں احتجاج کریں گے میں ان کے چہرے پر تھپڑ رسید کروں گا، میں شوق سے انہیں تھپڑ ماروں گا۔ کیا ہمیں ایک ایسا صدر چاہیے؟ میرے خیال میں نہیں۔
کمزور یا ڈرپوک نہیں چاہیے
کلائنٹ ایسٹوڈ کے مطابق، ’’ہمارا ڈرپوک افراد کی نسل سے تعلق ہے‘‘۔ وہ اسی لیے ریپبلکن امیدوار کے ووٹ دیں گے، گو کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مداح نہیں ہیں۔ اداکار ایسٹ وڈ کے مطابق وہ ٹرمپ کو کم برا سمجھتے ہیں۔
کہیں نقصان نہ ہو جائے
کچھ امریکی اداکار ایسے بھی ہیں، جنہوں نے براہ راست ٹرمپ کی حمایت نہیں کی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کہیں ان کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچے۔ چارلی شین نے ابتدا میں ٹرمپ کی مخالفت کی تھی تاہم بعد میں انہوں نے کہا،’’ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے مجھے اپنا نائب بننے کی پیشکش کی تو میں فوراً قبول کر لوں گا۔‘‘
میریل اسٹریپ بھی سیاسی ہو گئیں
ڈونلڈ ٹرمپ کہیں صدر نہ بن جائیں۔ اس مقصد کے لیے اداکارہ میریل اسٹریپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت کرنے کی ٹھانی۔ وہ بہت پر اعتماد ہیں اور کہتی ہیں،’’ہلیری کلنٹن ریاست ہائے متحدہ کی اگلی صدر ہوں گی۔‘‘
جارج کلونی کا عشائیہ
ہالی وڈ اسٹار جارج کلونی اُس وقت سے خود کو ہلیری کلنٹن کا مداح کہتے ہیں، جب وہ سینیٹر تھیں۔ یہ تصویر 2003ء کی ہے۔ اس مرتبہ کلنٹن کی انتخابی مہم کے لیے چندہ جمع کرنے کے لیے انہوں نے لاس اینجلس میں اپنے کوٹھی میں ایک عشائیے کا بھی اہتمام کیا تھا۔ اس میں شرکت کے لیے فی کس تقریباً ساڑھے تینتس ہزار ڈالر کا چندا دینا ضروری تھا۔
کیمرے کے سامنے رقص
ہلیری کلنٹن کی ایک ٹاک شو میں شرکت بھی ان کی انتخابی مہم پر مثبت انداز میں اثر انداز ہوئی۔ میزبان ایلن ڈیگینیرس، مزاح نگار ایمی شومر اور پاپ اسٹار پنک کے ساتھ مل کر کلنٹن نے بھی اسٹیج پر رقص کیا۔
ٹرمپ کے مداح
شوبز کی دنیا کی بات کی جائے تو ٹرمپ کے حامیوں کی فہرست میں کلنٹن کے مقابلے میں کم نام دکھائی دیں گے۔ معروف ریسلر ہولک ہوگن، عالمی شہرت یافتہ باکسر مائک ٹائسن اور گلوکار کڈ روک نے ریپبلکن امیدوار کے حق میں آواز اٹھائی۔ تاہم ٹرمپ کی انتخابی مہم میں ان میں سے کوئی بھی باقاعدہ طور پر شریک نہیں ہوا۔
ہر دروازے پر دستک
گلوکارہ میلے سائرس نے ہلیری کلنٹن کے لیے ورجینیا کے ایک کالج کا دورہ کیا اور انہوں نے ہوسٹلز کے ہر دروازے پر دستک دی۔ وہ خود بھی خواتین کے حقوق کی خاطر مہم چلا رہی ہیں اور خود کو دنیا میں حقوق نسواں کی سب سے بڑی علمبردار کہتی ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ کلنٹن وائٹ ہاؤس میں پہلی خاتون صدر کے طور پر پہنچیں۔
ہلیری صدارتی امیدوار
سماجی ویب سائٹس پر بہت سے نوجوانوں اداکاروں نے ہلیری کلنٹن کے حق میں مہم چلائی۔ ریئیلٹی ٹی وی اسٹار کم کارڈاشیئن نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کلنٹن کے ساتھ اپنی سیلفی پوسٹ کی۔ کم کارڈاشیئن کے ٹویٹر پر پچاس میلن سے زائد فین ہیں۔