1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی فضائیہ میں خواتین تربیت کار بڑھانے کا فیصلہ

15 نومبر 2012

امریکی فضائیہ میں مرد تربیت کاروں کی جانب سے خواتین سپاہیوں کے جنسی استحصال کی خبروں کے بعد ابتدائی نوعیت کی تربیت دینے والے عملے میں خواتین کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/16jU2
تصویر: dapd

یو ایس ایئر فورس کے مطابق اب ایک تہائی تربیتی ماہرین خواتین ہوں گی۔ یہ تبدیلی ریاست ٹیکساس کی لیک لینڈ بیس میں خواتین سپاہیوں کے ساتھ جنسی استحصال کی رپورٹوں کے بعد کی گئی۔

ایئر فورس میں سیفٹی پروگرام کی ڈائریکٹر میجر جنرل مارگریٹ ووڈوررڈ نے ابتدائی نوعیت کے پروگرام میں خامیوں کو ’اختیار کے ناجائز استعمال کے لیے موقع‘ فراہم کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کی یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی فوج اپنے چار ستاروں والے جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کے سیکس اسکینڈل کی ہزیمت سے گزر رہی ہے۔ جنرل پیٹریاس اپنی سوانح حیات لکھنے والی خاتون پاؤلا براڈویل کے ساتھ غیر ازدواجی جنسی تعلقات رکھنے کی پاداش میں سی آئی کی سربراہی سے مستعفی ہوچکے ہیں۔

اس رپورٹ میں 45 سفارشات پیش کی گئیں، جن میں سے ایک یہ کہ ایئر فورس میں ابتدائی تربیت فراہم کرنے والا ہر چوتھا ماہر ایک خاتون ہو۔ ایئر فورس نے بدھ کواس تجویز کو عملی جامہ پہنانے کا اعلان کیا۔ اب تک ایک انسٹرکٹر، جو عمومی طور پر اسٹاف سارجنٹ ہوتا ہے، 22 سپاہیوں پر مشتمل یونٹ کو تربیت فراہم کرتا ہے، جس میں مرد و خواتین دونوں شامل ہوتے ہیں۔ اب ایسے دو یونٹس کی نگرانی کے لیے چار انسٹرکٹر ہوں گے، جن میں سے کم از کم ایک خاتون ہوگی۔

امریکی فضائیہ میں کم از کم 22 فیصد عملہ خواتین پر مشتمل ہے مگر ان میں سے بیشتر خصوصی تکنیکی شعبوں میں ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔  

لیک لینڈ بیس کے 11 تربیت کاروں پر غیر مناسب رویے اور جنسی زیادتیوں جیسے الزامات لگائےگئے ہیں۔ ان میں سے پانچ نے یا تو اعتراف جرم کیا اور یا ان پر جرم ثابت ہوا اور انہیں 30 دن سے 20 برس تک کی مختلف سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔ ایئر فورس کے مطابق 48 خواتین نے قابل غور شواہد پیش کیے تھے۔

ایئر فورس میں خواتین تربیت کاروں کا فیصلہ متنازعہ بھی بن سکتا ہے کیونکہ خواتین کے حقوق کی کچھ تنظیمیوں کا مطالبہ ہے کہ مرد اور خواتین کی تربیت علیٰحدہ علیٰحدہ کی جائے۔ ایئر فورس میں بنیادی تربیت فراہم کرنے والے شعبے کے کمانڈر جنرل ایڈورڈ رائس کا البتہ کہنا ہے کہ مخلوط تربیت ایئر فورس کا بہترین انتخاب ہے اور یہ برقرار رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق انسان کو کرپٹ کرنے میں طاقت، جنسی کشش اور سرمایہ اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان میں سے دو نکات تربیتی عمل میں موجود ہیں، جن کا سدباب کرنے کی  ضرورت ہے۔ 

sks/ ai (Reuters)