1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

’امریکی ملیشیا کیپیٹل ہل کو اڑا دینے کا ارادہ رکھتی ہے‘

26 فروری 2021

کیپیٹل ہل کی سکیورٹی کی سربراہ کے مطابق چونکہ انتہا پسندوں کی جانب سے اب بھی خطرہ لاحق ہے اس لیے موجودہ سکیورٹی کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

https://p.dw.com/p/3pwdd
USA | Washington | US-Kapitol vor der Amtseinführung des gewählten US-Präsidenten Joe Biden
تصویر: David Tulis/UPI Photo/Newscom/picture alliance

واشنگٹن میں کیپیٹل ہل کی سکیورٹی کی ذمہ دار پولیس کے نائب سربراہ کا کہنا ہے کہ چونکہ دائیں بازو کے انتہا پسندوں کی جانب سے اب بھی اس کو خطرات لاحق ہیں اس لیے سکیورٹی کے جو اضافی اقدامات کیے گئے تھے انہیں ابھی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

کارگزار پولیس سربراہ یوگاننڈا پیٹ مین نے جمعرات 25 فروری کو گزشتہ چھ جنوری کو صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپیٹل ہل پر ہونے والے حملے کے بارے میں کانگریس کمیٹی کے سامنے ہونے والی ایک سماعت کے دوران یہ باتیں کہیں۔

اس حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امریکا میں کیپیٹل ہل کی عمارت ہی کانگریس کے ارکان کی میٹنگ کا مقام ہے اور وفاقی حکومت کے ایوان نمائندگان کا اجلاس بھی اسی میں ہوتا ہے۔

 

ملیشیاگروپ کیپیٹل ہل کو اڑا دینا چاہتے ہیں

پیٹ مین نے 'ہاؤس ایپروپری ایشن کمیٹی' کے ممبروں کے کو بتایا، ''جس ملیشیا گروپ کے ارکان چھ جنوری کو وہاں موجود تھے، انہوں نے کیپیٹل ہل کو اڑا دینے کی اپنی خواہشات کا اظہار کیا ہے، وہ 'اسٹیٹ آف دی یونین'  کے ساتھ براہ راست گٹھ جوڑ کر کے زیادہ سے زیادہ ارکان کو ہلاک کرنے کا بھی ارادہ رکھتے تھے۔''

ان کا مزید کہنا تھا، ''ہم سوچتے ہیں کہ احتیاطی طور پر بہتر یہی ہوگا کہ جب تک ہم آگے آنے والے خطرات کو اچھی طرح سے دور نہ کرلیں اس وقت تک کیپیٹل ہل کی پولیس اپنی موجودہ بہترین اور مضبوط سکیورٹی پوزیشن کو برقرار رکھے۔'' 

کیپیٹل ہل کی سکیورٹی

چھ جنوری کو حملے کے بعد سے ہی کیپیٹل ہل کے آس پاس غیر مثالی سکیورٹی بندوبست نافذ ہیں۔ اس کے تحت خار دار تاروں کی باڑ کے ساتھ ساتھ بہت سے مقامات پر چہار دیواری کو کافی اونچا کر دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس پر نیشنل گارڈز کو تعینات کیا گیا ہے۔

امکان ہے کہ وسط مارچ تک اس کی حفاظت پر تقریبا ًپانچ ہزار فوجی تعینات رہیں گے۔ ابھی تک صدر بائیڈن کے اسٹیٹ آف یونین کے خطاب کی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ عام طور یہ تقریب سال کے آغاز میں ہوتی آئی ہے۔   

 حملہ آوروں کا مقصد علامتی پیغام بھیجنا تھا

پیٹ مین نے کمیٹی کے سامنے کہا، ''ہمیں معلوم ہے کہ کیپیٹل ہل پر دھاوا بولنے والے بغاوت پسند افراد کی دلچسپی صرف کانگریس کے ارکان اور افسران پر حملہ کرنے کی نہیں تھی۔ بلکہ ان کا مقصد قوم کو یہ علامتی پیغام بھی دینا تھا کہ قانونی سازی کے عمل پر کس کا کنٹرول ہے۔''

 اس حملے کے سلسلے میں اب تک 200 سے زائد افراد کے خلاف کیس درج کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے بیشتر کا تعلق 'اوتھ کیپروس' اور 'پراؤڈ بوائز' نامی دائیں بازوں کے انتہا پسند گروپوں سے ہے۔

ص ز/ ج ا  (اے ایف پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں