1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی پالیسیاں مبہم ہیں، فرانسیسی وزیر خارجہ

عدنان اسحاق10 فروری 2016

فرانسیسی وزیر خارجہ لوراں فابیوس نے اسلامک اسٹیٹ سے متعلق امریکی پالیسیوں اور شامی بحران کے حل کے حوالے سے اقدامات پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے اس تناظر میں امریکی پالیسیوں کو مبہم قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hsly
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Carconi

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ لوراں فابیوس نے اسلامک اسٹیٹ کے خلاف امریکی عزائم پر نکتہ چینی کی ہے۔ فابیوس کے مطابق، ’’اس بارے میں صرف امریکی ہی نہیں بلکہ اتحادیوں کی پالیسیاں بھی غیر واضح ہیں۔ میں وہ دہرانا نہیں چاہتا جو میں اس اتحاد کے اہداف کے بارے میں پہلے کہہ چکا ہوں۔‘‘ اس بیان میں ان کا اشارہ امریکا کی جانب تھا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے مزید کہا، ’’تاہم ہمیں یہ احساس بھی ہے کہ اس تناظر میں پختہ عزائم کی بھی کمی ہے۔‘‘

دوسری جانب فابیوس نے بدھ کے روز اپنے ایک الگ بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ پیرس حکومت سے الگ ہو تے ہوئے منصبِ وزارت سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ ایسی خبریں ہیں کہ فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ جلد ہی کابینہ میں وسیع ردو بدل کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Syrien-Konferenz in Wien Außenminister
تصویر: picture-alliance/AA/C. Oguz Gumrukcu

فابیوس کے مطابق اگلے مہینوں کے دوران امریکی صدر باراک اوباما کی آئی ایس سے متعلق پالیسیوں میں کوئی تبدیلی آنے کی امید نہیں ہے۔ ’’یہاں پر بیانات ہیں لیکن عملی اقدامات اس سے مختلف ہیں اور یقینی طور پر روسی اور ایرانی اس کمٹ منٹ کی کمی کو محسوس کر رہے ہیں۔‘‘ شامی تنازعے کے حوالے سے سبکدوش ہونے والے فابیوس نے کہا،’’ اگر آپ شامی صدر بشارالاسد کی بربریت، روس اور ایران کی سازش کے علاوہ اس مبہم صورتحال کا جائزہ لیں تو آپ حلب میں رونما ہونے والے المیے کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔‘‘

اس ہفتے جرمن شہر میونخ میں بین الاقوامی سطح پر شام کی امداد کے لیے قائم گروپ کا ایک اجلاس بھی ہو رہا ہے۔ اس اجلاس سے قبل ہی امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اس تنازعے کے سفارتی حل کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ کیری فائر بندی کی تجویز دینے کے ساتھ ساتھ چاہتے ہیں کہ محصور علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔