امن کی پیامبر، کراچی کی بولتی دیواریں
پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے شہر کراچی کی وہی دیواریں، جو اب تک نفرت انگیز سیاسی اور مذہبی نعروں اور عوامی اشتہارات سے بھری نظر آتی تھیں، اب شہر کا امیج تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
آئی ایم کراچی
خوبصورت رنگوں اور پیغامات سے سجی یہ دیواریںI am Karachi یا ’میں کراچی ہوں‘ نامی اس مہم کا حصہ ہیں جس میں شہر کی دیواروں پر گرافٹی اور آرٹ کے ذریعے امن اور محبت کا پیغام دیا جا رہا ہے۔
شوخ رنگ
شہر کی دیواروں کو خوبصورتی دینے کے لیے پُر عزم نوجوانوں کی کمپنی آبدوز آرٹس کے تعاون سے اس مہم میں اب تک شہر کی کئی دیواروں کو شوخ رنگوں اور امن و محبت کے پیغامات سے سجایا جا چکا ہے۔
فنکار، طالب علم اور معروف آرٹسٹ شریک
آبدوز آرٹس کے بانی عمر عاصم کے مطابق اس مہم میں ایک سو کے قریب فنکار حصہ لے رہے ہیں، جن میں مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں سمیت بعض معروف آرٹسٹ بھی شامل ہیں۔
امن و محبت پھیلانے کی دُھن
آئی بی اے، کراچی یونیورسٹی، انڈس ویلی اسکول آف آرٹس جیسے معروف اداروں کے طالب علم ہی نہیں بلکہ دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی دھوپ اور گرمی کی پرواہ کیے بغیر اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
اسٹینسل آرٹ
اس پراجیکٹ کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں اسٹینسل آرٹ کے ذریعے پندرہ سو دیواروں پر آرٹ کے نمونے تیار کیے جائیں گے۔
آرٹسٹوں کے نمونے
دوسرے حصے میں پچاس آرٹسٹوں پر مشتمل ایک ٹیم اپنے انفرادی آرٹ کے نمونے شہر کی مختلف دیواروں پر پینٹ کر رہی ہے۔
بچوں سے تبدیلی
تیسرا حصہ بچوں سے تبدیلی کے نام سے ہے، جس میں بچے مختلف سرکاری اسکولوں کی دیواروں پر پینٹ کریں گے۔
ایم ٹی خان اور لیاری میں کام مکمل
اب تک مولوی تمیز الدین خان یا ایم ٹی خان روڈ اور لیاری کی دیواروں پر کام کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں ایئرپورٹ اور اطراف کی دیواروں پر کام شروع کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر شہرت
ایم ٹی خان روڈ پر مکمل کیے گئے اس پراجیکٹ کو عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر بے انتہا پذیرائی مل رہی ہے۔
مکمل شدہ کام کی پذیرائی
آبدوز آرٹس کے عمر عاصم کہتے ہیں کہ ان دیواریوں پر کام کے دوران انہیں صرف عوام ہی نہیں بلکہ حکومت اور دیگر حلقوں کی جانب سے بھی بے حد پذیرائی اور حوصلہ مل رہا ہے۔
گندگی کی جگہ صفائی اور رنگ
آئی ایم کراچی کی جانب سے جاری اس مہم کے دوران وہ دیواریں بھی اب صاف ستھری اور خوبصورت منظر پیش کر رہی ہیں، جہاں کبھی گندگی نظر آیا کرتی ہیں۔ ان دیواروں کو پینٹ کرنے سے قبل ان کی صفائی کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔