امیتابھ بچن: بالی وڈ کے کامیاب ترین بلاگر
21 اپریل 2011امیتابھ بچن نے 2008ء میں بلاگز لکھنا شروع کیے تھے۔ ابھی حال ہی میں انہوں نے انٹرنیٹ پر اپنی تحریروں کی تیسری سالگرہ منائی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق بچن روزانہ تقریباً ایک ہزار الفاظ تحریرکرتے ہیں۔ وہ بلاگز میں اپنی فیملی نیوز، اپنے روحانی اور فلسفیانہ خیالات، اپنی صحت اور اپنے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے مطّلع کرتے ہیں۔ بچن کے بلاگز پڑھنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ ان میں ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہیں۔ گزشتہ برس فینز اس وقت بہت فکر مند ہو گئے تھے، جب بچن اپنی بیماری کی وجہ سے باقاعدگی سے بلاگز نہیں لکھ پا رہے تھے۔
بلاگنگ کا تیسرا سال مکمل ہونے پر امیتابھ بچن نے لکھا، ’’میں شکر گزار ہوں کہ اس دوران آپ نے میرا ساتھ دیا۔ آپ ہر وقت اور ہر موسم میں میرے ساتھ تھے۔ آپ نے میری حوصلہ افزائی کی۔ میری تحریروں کو پرکھا بھی اور ان پر تنقید بھی کی۔ اس دوران آپ میرے ساتھ ہنسے بھی اور میرے ساتھ روئے بھی‘‘۔ تقریباً ہر شب اور کبھی کبھی تورات دیر گئے تک امیتابھ کے بلاگز انٹرنیٹ پر نمودار ہوتے رہتے ہیں۔ وہ یہ بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ وہ بے خوابی کے مریض ہیں۔
بچن بالی وڈ کی ایک کامیاب ترین فیملی ہے، اسی وجہ سے لوگ ان کے معاملات زندگی، رہن سہن اور خیالات جاننے میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔ اپنے خاندان کے علاوہ امیتابھ بچن کرکٹ اور دنیا بھر میں فلموں کی شوٹنگ کے علاوہ بھارتی سیاست اور حالات حاضرہ کو بھی اپنے بلاگز کا موضوع بناتے ہیں۔ 68 سالہ امیتابھ اپنے بلاگز خود ہی ٹائپ کرتے ہیں۔ اس موقع پران کی سیکرٹری بھی ان کی تحریر کو انٹرنیٹ پر شائع ہونے سے قبل ایک مرتبہ پڑھتی ہے۔
اپنی بلاگنگ کی تیسری سالگرہ کے موقع پر صبح 3 بج کر 30 منٹ پر امیتابھ نے لکھا، ’’مجھے اندازہ ہے کہ اس وقت بہت دیر ہو چکی ہے لیکن جب تک تحریر مکمل نہیں ہو جاتی، میں بے چین رہوں گا‘‘۔ امیتابھ بچن کے زیادہ تر بلاگز کا اختتام ایک طرح کے ہی جملے پر ہوتا ہے،’’اب میری آنکھیں تھک چکی ہیں اور کسی بھی وقت بند ہونے والی ہیں‘‘۔ آنکھوں کے گرد گہرے ہوتے ہوئے حلقوں کا ذکر کرتے ہوئے امیتابھ نے اپنے چاہنے والوں کو الوداع کہتے ہوئے اپنا کمپیوٹر بند کر دیا۔ بچن کے بلاگز http://bigb.bigadda.com پر پڑھے جا سکتے ہیں۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: امجد علی