1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انتہا پسندوں کی تربیت کے بحالی مراکز

24 اپریل 2013

پاک فوج کے تربیتی ادارے مشال سے شدت پسندی سے تائب مزید مزید 63 افراد کو تربیت مکمل ہونے کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔ بحالی مرکز ’مشال‘ سے اب تک 1132افراد کو تربیت مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/18MBF
تصویر: Adnan Bacha

2007ء سے لے کر 2009ء تک سوات کی شورش کے دوران طالبان نے زیادہ تر نوجوانوں کو اپنے ساتھ بھرتی کرلیا تھا، جن میں کثیر تعداد نوجوانوں کی تھی۔ انہیں مختلف حوالوں سے دہشت گردی کی تربیت دی جاتی تھی تاہم کامیاب فوجی آپریشن کے بعد وہاں سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا۔ امن بحال ہوا تو پاکستانی فوج نے انہی نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان کے لیے بحالی مراکز قائم کیے، جہاں ان کی سماجی، معاشرتی، دینی و دنیاوی تعلیم اور کمپیوٹر ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی نشوونما کی جاتی ہے۔

ان اداروں میں ایک ’صباؤن‘ بھی ہے، جہاں 18سال سے کم عمر شدت پسندی سے تائب بچوں کو تربیت دی جاتی ہے۔ دوسرا ادارہ ’مشال‘ جہاں 18سال سے زائد عمر والے افراد کو تربیت دی جاتی ہے۔ سوات کے علاقہ گلی باغ میں پاک فوج کے تربیتی ادارے مشال سے شدت پسندی سے تائب 63 افراد کی رہائی کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کور کمانڈر پشاور خالد ربانی، پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور مقامی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شدت پسندی سے تائب افراد نے ملی نغمے اور خاکوں کے علاوہ تقاریر اور روایتی موسیقی بھی پیش کی۔

Bildergalerie Pakistan Rehabilitationszentrum für Taliban
مشال سے تربیت حاصل کرنے والا ایک لڑکاتصویر: Adnan Bacha

پاک فوج کے تربیتی ادارے مشال سے اب تک 1132 افراد کو تربیت مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا چکا ہے۔ مشال میں ذہنی نشوونما کی تربیت دینے والے ماہر نفسیات محمد نبی چمکنی کا کہنا ہے کہ مشال میں چار طریقوں سے تربیت دی جاتی ہے۔

کور کمانڈر پشاور خالد ربانی نے تربیت مکمل کرنے والے افراد میں انعامات تقسیم کیے اور کہا کہ سوات میں امن کا قیام عوام، پولیس اور فوج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور بحالی مراکز سے تربیت حاصل کرنے والے افراد اپنے علاقوں کی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

پاک فوج کے ادارہ مشال سے تربیت حاصل کرنے والے طفیل کا کہنا ہے کہ مشال میں اس کو صحیح راستہ دکھایا گیا ہے اوراب وہ دہشت گردوں کا مخالف ہے۔ مشال میں تربیت مکمل کرنے والے افراد نے حلف لیا کہ وہ آئین پاکستان کی حمایت کریں گے اور کسی بھی غیر قانونی ملک دشمن تحریک میں شامل نہیں ہوں گے۔

رپورٹ: عدنان باچا، سوات

ادارت: عاطف بلوچ