1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسان کی طرح بچے پیدا کرنے والے مینڈک

امتیاز احمد1 جنوری 2015

حال ہی میں انڈونیشیا میں مینڈکوں کی ایک نئی قسم دریافت کی گئی ہے۔ اس مینڈک کے صرف دانت ہی اسے دیگر مینڈکوں سے ممتاز نہیں کرتے بلکہ زمین پر یہ مینڈکوں کی وہ واحد قسم ہے، جو بچے دیتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1EE1R
Bildergalerie Frösche Frosch im Wasser
تصویر: picture-alliance/dpa/I. Pekkarinen

دنیا بھر میں اب تک مینڈکوں کی چھ ہزار چار سو پچپن اقسام دریافت کی جا چکی ہیں۔ ان میں سے یہ واحد قسم ہے، جو عام مینڈکوں کی طرح انڈے دینے کی بجائے براہ راست بچے پیدا کرتی ہے۔ مینڈکوں کی یہ نئی نسل انڈونیشیا کے برساتی جنگلوں کے ایک چھوٹے سے جزیرے سلا ویسی جزیرے پر دریافت کی گئی ہے۔

مینڈکوں کی Limnonectes larvaepartus نامی اس نسل کو زمین کی منفرد اور نایاب ترین قسم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس نسل کے بارے میں تحقیق کرنے والے ایک ماہر جمی میک گوائر کا کہنا ہے، ’’ان مینڈکوں میں افزائش نسل کا عمل انسانوں کی افزائش نسل سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے لیکن اس مخصوص کیس میں جو بات سب سے اہم ہے، وہ یہ ہے کہ ان کا تولیدی موڈ بھی انسانوں سے بہت ملتا جلتا ہے۔‘‘

جمی میک گوائر کی یہ تحقیق سائنسی جریدے ’Plos One‘ میں شائع ہوئی ہے۔ ان مینڈکوں کا رنگ عام طور پر بھورا یا سرمئی ہوتا ہے اور ان کی لمبائی ایک سے ڈیڑھ انچ (چوالیس ملی میٹر تک) ہوتی ہے۔ اس نسل کے مینڈک کا وزن تقریباﹰ پانچ گرام ہوتا ہے اور اس کا تعلق ایشیا میں دانتوں والے مینڈکوں کے خاندان سے ہے۔

نر مینڈک کے نچلے جبڑے پر دو نوکیلے دانت ہوتے ہیں، جو یہ عمومی طور پر لڑائی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ مینڈکوں کی یہ قسم برساتی جنگلوں میں چھوٹی چھوٹی ندیوں کے ساتھ بن جانے والے جوہڑوں میں رہتی ہے۔ اس طریقے سے یہ دیگر بڑے دانتوں والے مینڈکوں کے ساتھ ساتھ سانپوں اور مختلف پرندوں کی خوراک بننے سے بچے رہتے ہیں۔

ماہر حشریات جمی میک گوائر کے مطابق انہیں مینڈکوں پر تحقیق کرنا اس وجہ سے بھی پسند ہے کہ مختلف اقسام کے مینڈک مختلف طریقوں سے اپنی افزائش نسل کرتے ہیں۔ ایسے بھی مینڈک ہیں، جو اپنے ہی انڈوں کو نگل لیتے ہیں اور اپنے معدے میں ان کی حفاظت کرتے ہیں۔ مینڈکوں کی ایک قسم ایسی بھی ہے کہ نر مینڈک انڈوں سے بچے نکلنے تک انہیں اپنی منہ کی صوتی تھیلی میں رکھتے ہیں۔ جمی میک گوائر کے مطابق کے مطابق ایسے بھی مینڈک ہیں، جو اپنے انڈوں اور لاروے کو اپنی کمر یا سائیڈ پر بنے تھیلی نما حصوں میں رکھتے ہیں۔