انسانی جسمانی اعضاء کی پیوند کاری
22 فروری 2009انسانی جسمانی اعضا ایک مربوط اعصابی نظام، بافتوں شریانوں اور ویریدوں کے علاوہ ہڈیوں کے ایک مضبوط بند سے جڑے ہوتے ہیں اور کسی عضو کے جسم سے الگ ہو جانے کی صورت میں اسے فوری طور پر جسم سے دوبارہ جوڑنا ایک مشکل مگر موثر طریقہ علاج ہے۔
پاکستانی شہر کراچی میں ہڈیوں کے سرجن اور جسمانی اعضاء کی ری پلانٹیشن کے ماہر ، اے او کلینک کے سربراہ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے ڈوئچے ویلے سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ایسے آپریشن کی سب سے مشکل بات وقت کی کمی ہوتی ہے کیونکہ کوئی انسانی عضو جسم سے الگ ہو جائے تو اسے دوبارہ منسلک کرنے کے لئے دستیاب وقت بہت کم ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ری پلانٹیشن صرف ایک سرجری نہیں بلکہ کئی آپریشن کا مجموعہ ہوتی ہے۔ جس میں فوری طور پر ہڈی کا دوبارہ جوڑنا، اعصاب، شریانوں، بافتوں اور جلد کو دوبارہ منسلک کرنا سب سے اہم ہے۔
ڈاکٹر محمد علی شاہ نے بتایا کہ جب کوئی عضو جسم سے الگ ہو جاتا ہے تو وہ کچھ دیر تک زندہ رہتا ہے اور اس کے خلیات کے مرنے سے پہلے پہلے اگر اسے دوبارہ جسم سے جوڑ دیا جائے تو وہ پھر سے اپنے افعال انجام دے سکتا ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسے آپریشنز کے لئے سب سے اہم بات یہی ہے کہ یہ تمام آپریشنز ایک ہی ڈاکٹر کرے جو بیک وقت ان تمام چیزوں کو مد نظر رکھ سکے۔
ڈاکٹر محمد علی شاہ کے مطابق دنیا کے کئی ایسے ممالک بھی ہیں جہاں اب تک جسمانی اعضاء کو دوبارہ جسم سے جوڑنے کے حوالے سے آپریشنز کی سہولت موجود نہیں۔