1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسداد ایڈز کا عالمی دن: پاکستان کی صورتحال تشویشن ناک

رپورٹ: عنبرین فاطمہ1 دسمبر 2015

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایڈز کی آگاہی اور اس سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق پاکستان میں ایڈز میں مبتلا افراد اور اس مرض کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HF8L
تصویر: DW/D. Baber

پاکستان میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 85 ہزار سے ایک لاکھ 30 ہزارتک افراد ایچ آئی وی ایڈز کے مرض سے متاثر ہیں۔ سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق ان میں سے 45 ہزار مریضوں کا تعلق سندھ سے ہے۔

ایڈز کی روک تھام کے لیے قائم کیے جانے والے سرکاری ادارے، سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے پروگرام مینیجر، ڈاکٹر یونس چاچڑ کے مطابق صرف ایک سال کے عرصے کے دوران سندھ میں ایچ آئی وی وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، ’’ایڈزکنٹرول پروگرام کے تحت اس برس اب تک 4 ہزار 747 مریضوں کو رجسٹر کیا گیا ہے جن کا علاج جاری ہے جبکہ تازہ اعداد وشمار کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں رواں سال ایڈزوائرس کے مریضوں میں7 فیصد اضافہ ہوا ہے جوایک خطرناک علامت ہے۔‘‘

Blutabnahme für HIV-Test in Südafrika
ایڈز کا ٹیسٹ اب پسماندہ علاقوں میں بھی دستیاب ہےتصویر: picture alliance/dpa/J. Hrusa

انسان کے جسم میں قوت مدافعت کم کرنے اور اسے دیگر امراض کا آسان ہدف بنانے والے ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا سبب نشے کے لیے استعمال کی جانے والی سرنجیں ہیں۔ ڈاکٹر یونس چاچڑ کہتے ہیں، ’’ اس وقت صرف سندھ میں ہی 16ہزار افراد انجکشن کے ذریعے نشہ کرتے ہیں، 6 ہزار742 میل سیکس ورکرز، 9 ہزار69 خواجہ سرا جبکہ فی میل سیکس ورکرز کی بھی بڑی تعداد موجودہے جن کی وجہ سے ایڈز تیزی سے پھیل رہا ہے۔‘‘

AIDS Pakistan
پاکستان میں اس مہلک بیماری کے بارے میں آگاہی کی مہم جاری ہےتصویر: AP

ڈاکٹر چاچڑکے مطابق ایچ آئی وی وائرس میں مبتلا افراد میں اس مرض کی علامات دیر میں ظاہر ہوتی ہیں، ’’ اکثر مریض میں فلو کی طرح کی علامات ظاہر ہوتی ہیں جیسے بخار، پٹھوں میں درد، خارش، سر درد وغیرہ۔ اس کے علاوہ وزن میں کمی، اسہال بھی اس کی علامات میں شامل ہے تاہم اس کی درست تشخیص ایچ آئی وی ٹیسٹ کے بعد ہی کی جا سکتی ہے جس کی سہولت ملک بھر میں نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت قائم کیے جانے والے 15 مراکز میں موجود ہے جہاں سے یہ ٹیسٹ بالکل مفت کروائے جا سکتے ہیں۔ ‘‘

ڈاکٹر چاچڑ کے مطابق ایڈز کے مرض پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں میں اس مرض کے حوالے سے جو غلط تصورات ہیں ان کو ختم کیا جائے کیونکہ عام طور پر لوگوں کا یہ خیال ہوتا ہے کہ ایچ آئی وی غلط طریقے یا بے راہ روی کے باعث لاحق ہوتا ہے۔ جبکہ اس کی صرف یہی ایک وجہ نہیں بلکہ یہ انتقال خون، استعمال شدہ ریزر بلیڈ ، متاثرہ ماں کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کو بھی ہو سکتا ہے۔