انوکھے مٹیریل سے تیارہ کردہ پانچ منفرد فرنیچر ڈیزائن
کئی فرنیچر ڈیزائنر اب لکڑی اور پلاسٹک جیسے مٹیریل سے بیزار ہوتے جا رہے ہیں اور اب ایسے افراد متبادل مٹیریل کی کھوج میں دکھائی دیتے ہیں۔ پکچر گیلری میں دیکھیے ایسے ہی پانچ منفرد فرنیچر ڈیزائن۔
تاروں سی بُنی کرسیاں
یہ تصویر پنسل سے بنائے گئے کسی اسکیچ کی نہیں، بلکہ حقیقی فرنیچر کی ہے۔ چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے ژان پلیچیک نے کئی نامور ڈیزائن لیے، انہیں سکیڑا اور پھر تاروں کی مدد سے یہ فرنیچر تیار کیا۔
سمندری گھاس کے بنے لیمپ
ان لیمپوں کو تیار کرنے کے لیے سمندری گھاس کو استعمال میں لایا گیا، جو کہ نہ صرف قابل تجدید خام مال ہے، بلکہ دنیا بھر کے ساحلی علاقوں میں سہولت سے دستیاب بھی ہے۔ ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے ڈیزائنر یوناس ایڈورڈ سمندری گھاس کو ایک خاص عمل سے گزارنے کے بعد لیمپ اور کرسیاں تیار کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
سوُت سے تیار کردہ فرنیچر
نہ کسی کیل کی ضرورت پڑی، نہ پیچ اور کسی پیچ کس کی۔ سویڈن سے تعلق رکھنے والے ڈیزائنر انتون الواریز نے لکڑی کے ٹکڑوں کو رنگین سوتی دھاکوں میں لپیٹ کر یہ فرنیچر تیار کیا۔
کار کی باڈی فرنیچر میں تبدیل
کہا جاتا ہے کہ ’جرمنوں کا پسندیدہ بچہ ان کی کار ہوتی ہے‘۔ جرمن فرنیچر ڈیزائنر مارٹن شُلنڈ کاروں کے شوقین جرمنوں کے لیے ان کی نایاب پرانی گاڑیوں کو فرنیچر میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ وہ ایسی ہی کاروں کی مدد سے نہ صرف پلنگ بلکہ صوفے اور کرسیاں بھی تیار کر چکے ہیں۔
’گھر میں اگائی گئی کرسیاں‘
فرنیچر بنانے کے لیے آپ کے پاس اوزار نہیں ہیں؟ کوئی بات نہیں، اگر آپ کے گھر میں چھوٹا سا باغیچہ ہے اور بے تحاشا صبر بھی، تو آپ اپنا فرنیچر اُگا بھی سکتے ہیں۔ برطانوی ڈیزائنر گوین مُنرو پودوں کو پلاسٹک اور تاریں استعمال کر کے یوں موڑ دیتے ہیں کہ وہ اگتے اگتے فرنیچر کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔