1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈیانا جونز کا ہیٹ پانچ لاکھ ڈالر میں خرید لیا گیا

21 ستمبر 2018

ہالی ووڈ فلمی صنعت کی مشہور سیریز انڈیانا جونز ایک مہماتی فلمی سلسلہ تھا۔ اس کا مرکزی کردار ہیریسن فورڈ نے ادا کیا ہے۔ انڈیانا جونز کے مخصوص ہیٹ کو اب نیلام کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/35IRI
Indiana Jones
تصویر: picture-alliance/Everett Collection/Paramount Pictures

لندن کے ایک مشہور نیلام گھر پروپ اسٹور میں گزشتہ چار دھائیوں کے مشہور اداکاروں کے زیراستعمال رہنے والی یادگاری اشیاء کی نیلامی کا سلسلہ پچھلے چار برسوں سے جاری ہے۔ یہ نیلام گھر دریائے ٹیمز کے کنارے پر واقع ہے۔ رواں برس کی نیلامی میں چھ سو سے زائد یادگاری اشیاء کو عام شائقین کے ذوقِ خرید کے لیے رکھا گیا تھا۔ یہ نیلام گھر سن 2014 سے یادگاری اشیاء کی نیلامی کا سلسلہ سالانہ بنیاد پر جاری رکھے ہوئے ہے۔

سن 2018 کی سالانہ نیلامی کے دوران مہماتی فلم سیریز انڈیانا جونز کے فیڈورا ہیٹ کو خاص پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس نیلامی میں سٹار وار سیریز کے ولن ہان سولو کی جیکٹ کو خاص طور پر شائقین نے پسند ضرور کیا لیکن وہ پانچ لاکھ پاؤنڈ کی بنیادی قیمت سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ اس بنیاد پر جیکٹ کی نیلامی کو روک دیا گیا۔

’انڈیانا جونز اور ریڈرز آف دی لاسٹ آرک‘ نامی فلم میں مرکزی کردار مشہور اداکار ہیریسن فورڈ نے ادا کیا تھا۔ اسی سیریز کی اگلی تین فلموں میں بھی فورڈ نے ہی یہی کردار ادا کیا۔ انڈیانا جونز کردار کی خاص بات اُس کا فیڈورا اسٹائل مخصوص ہیٹ اور چمڑے کی رسی ہے۔

Filmstill Indiana Jones Jäger des verlorenen Schatzes RAIDERS OF THE LOST ARK
سن 2018 کی سالانہ نیلامی کے دوران مہماتی فلم سیریز انڈیانا جونز کے فیڈورا ہیٹ کو خاص پذیرائی حاصل ہوئیتصویر: Imago/AD

انڈیانا جونز سیریز کی پہلی فلم میں جو ہیٹ استعمال کیا گیا، اُس کو پانچ لاکھ امریکی ڈالر میں خرید لیا گیا۔ اس ہیٹ کی اندرونی طرف ہیریسن فورڈ نے خاص طور پر دستخط بھی کیے تھے۔ اس ہیٹ پر فلم کے دوران پڑنے والی مٹی اور ریت کے ذرات بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ انڈیانا جونز کے فیڈورا ہیٹ کو چارلی چپلن کے ہیٹ کے بعد سب سے زیادہ انفرادیت اور شہرت حاصل ہوئی تھی۔

پروپ اسٹور کے نیلام گھر میں کئی دوسری اشیاء بھی قابل ذکر ہیں اور اُن میں مشہور اداکار بریڈ پٍٹ کا فلم ’فائٹ کلب‘ میں پہنا ہوا گاؤن بھی دلچسپی کا حامل ہے۔ نیلام گھر کی انتظامیہ کے مطابق اس سالانہ نیلامی کے دوران ہالی ووڈ کے  نمایاں اداکار جونی ڈیپ کا مشہور قزاقوں والا لباس بھی شائقین کی توجہ کا طالب ہو گا۔

یہ امر اہم ہے کہ لندن کا یہ نیلام گھر دنیا بھر کی فلمی صنعتوں کے اسٹوڈیوز کے گوداموں سے یادگاری اشیاء کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھتا ہے اور انہیں مناسب دام پر خرید کر تشہیری عمل کے بعد عام نیلامی کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں