1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈین پریمیئر لیگ: چنئی سپر کنگز فاتح

26 اپریل 2010

بھارت میں کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی کی رنگین اور دلکش انڈین پریمیئر لیگ اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ لیگ کی پسندیدہ ٹیم ممبئی انڈینز فائنل میں پہنچ کر لڑکھڑا گئی۔

https://p.dw.com/p/N63K
ممبئی انڈینز ٹیم کے کپتان ٹنڈولکرتصویر: UNI

ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے چنئی سپر کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 168 رنز بنائے اور اُس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ اس سکور میں بھارت کی قومی ٹیم کے کھلاڑی سریش رائنہ کی شاندار اور ناقابل شکست 57 رنز کی اننگ بھی شامل تھی اور یہی ایک قدرے اچھے ٹارگٹ کا باعث بنی۔ اس اننگ کی وجہ سے وہ فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار دئے گئے۔ چنئی سپر کنگز کے کپتان دھونی نے بائیس رنز بنائے۔ بعد میں چنئی سپر کنگز نے اپنے سکور کا حوصلہ افزا انداز میں دفاع کرتے ہوئے لیگ کی فاتح ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے ٹرافی جیت لی۔

Indischer Cricketspieler Mahendra Singh Dhoni
چنئی سپر کنگز ٹیم کے کپتان: مہندر سنگھ دھونیتصویر: AP

چنئی سپر کنگز کی جانب سے دیا جانے والا ہدف 169 رنزکوئی بڑا  ہدف نہیں تھا اور ممبئی انڈینزکی مضبوط بیٹنگ لائن کے سامنے اس ٹارگٹ کو حاصل کرنا آسان خیال کیا جا رہا تھا۔ ممبئی انڈینز کے ممتاز بلے باز سچن تندولکر کی وکٹ گرنے کے بعد ٹیم سنبھل نہیں پائی اور 146 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ اس دوران کیرن پولارڈ کے دس بالوں میں ستائیس رنز خاصے خطرناک ہو گئے تھے لیکن انیسویں اوور میں پولارڈ کے آؤٹ ہونے پر ممبئی انڈینز کی جدو جہد بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئی۔

چنئی سپر کنگز نے دوسری بار انڈین پریمیئر لیگ کا فائنل کھیلا ہے۔ اس سے قبل سن 2008ء میں وہ راجستھان رائلز سے فائنل میچ میں ہار گئی تھی۔ دوسری جانب ممبئی انڈینز پہلی بار فائنل میں پہنچی تھی۔ اس ٹیم نے ختم ہونے والی لیگ کے دوران چودہ میں سے دس میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد شائقین اور ماہرین کے اندر یہ احساس پیدا کر دیا تھا کہ وہ فائنل بھی جیت لے گی لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم کے کپتان سچن تندولکر ہیں۔ انہوں نے میچ سے قبل اعلان کیا کہ وہ پوری طرح فٹ ہیں اور فائنل میچ کھیلیں گے۔ وہ سیمی فائنل میں زخمی ہو گئے تھے۔ بطور افتتاحی بلے باز کے، انہوں نے 48 رنز کی یادگار اننگ کھیلی۔ اس لیگ کے دوران مسلسل شاندار کارکردگی کی بدولت تندولکر کو لیگ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Shilpy Shetty
انڈین پریمیئر لیگ میں شامل ایک ٹیم کی سربراہ: بھارتی ادارکارہ شلپا شیٹھیتصویر: UNI

انڈین پریمیئر لیگ کا فائنل میچ ممبئی شہرکے ڈاکٹر ڈی وائی پٹیل اکیڈمی کے میدان پر کھیلا گیا۔ اس میچ کے امپائر جنوبی افریقہ کےروڈی کرٹزن اور آسٹریلیا کے سائمن ٹوفل تھے۔

ادھر ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے مختلف ملکوں کی چیمپیئنز ٹیموں کا ٹورنامنٹ چیمپٹیئنز لیگ دس سے چھبیس ستمبر کے درمیان جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کی تصدیق انڈین پریمیئر لیگ کے چیئرمین للت مودی نے بھی کر دی ہے۔ میزبان شہروں اور ٹیموں کا اعلان مئی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  امجد علی