اورکزئی ایجنسی میں تازہ جھڑپ: 9 فوجی جاں بحق
10 مئی 2010پاکستان میں حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے مغربی قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے ساتھ تازہ جھڑپ میں ملکی فوج کے دو افسروں سمیت9 اہلکارجاں بحق ہوگئے ہیں۔ اس کارروائی میں37 سے زائد طالبان بھی ماردئے گئے ہیں تاہم آزاد ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
اسلام آباد میں عسکری ذرائع نے ان پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہو ئے کہا کہ یہ واقعہ اورکزئی ایجنسی کے علاقے’ ڈبوری‘ میں پیش آیا۔خیال رہے کہ پاکستانی فورسز حال ہی میں اورکزئی ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی ہیں۔ اس سے پہلے گزشتہ برس پاکستان میں فوج، افغان سرحد کے قریبی علاقے جنوبی وزیرستان ایجنسی اورسوات میں طالبان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کر چکی ہے، جہاں سے فرار ہونے والے طالبان نے اب یہاں اپنے ٹھکانے بنا لئے ہیں۔
ادھر رواں ماہ کے اوائل میں نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں کاربم حملے کی ناکام کوشش کے بعد واشنگٹن حکومت نے پاکستان پر ایک بار پھر دباؤ بڑھانا شروع کردیا ہے کہ وہ ملک کے قبائلی علاقوں میں سرگرم طالبان کےخلاف مؤثر کارروائی کرے۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو بار پاکستان کو متنبہ کر تے ہوئے کہہ چکی ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکہ کے لئے یہ بات قابل قبول نہیں کہ اس پرحملہ کرنے والو ں کی پاکستان سے حوصلہ افزائی کی جائے۔
رپورٹ : بخت زمان
ادارت : عدنان اسحاق