اونچی ایڑی : فیشن ضروری یا صحت
12 اپریل 2011کچھ کا خیال ہے کہ ہائی ہیل والے جوتے پہننے سے اُن کی شخصیت میں زیادہ جنسی کشش پیدا ہو جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اونچی ایڑی والے جوتوں کے مسلسل استعمال سے انسانی جسم کی اندرونی ساخت میں نقص پیدا ہو جاتا ہے۔ جوڑوں اور ہڈیوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اونچی ایڑی والے جوتوں کے مسلسل استعمال سے پنڈلیوں کے پٹھوں کے فائبرز سُکڑ کر چھوٹے ہوجاتے ہیں جس کے نتیجے میں چلنے پھرنے کی صلاحیت بُری طرح متاثر ہوتی ہے۔ ایسی صورتحال میں پنڈلیوں کے پٹھوں کے فائبرز کو تقویت پہنچانے کے لیے وہ نس موٹی ہونا یا پھولنا شروع ہو جاتی ہے جو ایڑی کی ہڈی اور پنڈلی کے پٹھوں کو ملاتی ہے۔ اس وجہ سے اونچی ایڑی والے جوتے استعمال کرنے والی اکثر خواتین جب بغیر ایڑی والے جوتے پہنتی ہیں تو اُنہیں اپنے پیروں اور ٹانگوں میں سخت درد محسوس ہوتا ہے۔ ان منفی اثرات کے باوجود جو لوگ ایڑی والے جوتے پہننے سے باز نہیں آتے انہیں چاہیے کہ وہ ٹانگوں کے درد کی صورت میں رات کو اسٹریچنگ ایکسرسائز یا ٹانگوں کو کھینچنے کی ورزش کیا کریں۔
ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ اونچی ایڑی والے جوتوں کے منفی اثرات محض پنڈلیوں کے پٹھوں ہی پر مرتب نہیں ہوتے بلکہ وہ پاؤں کی ہڈیوں میں بھی تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔ اونچی ایڑی کی وجہ سے پاؤں کے اگلے حصے پر غیر معمولی دباؤ پڑتا رہتا ہے جو جلد ہی پیر کے پنجوں کو بُری طرح دباتا ہے۔ ان تکالیف کے پیش نظر ماہرین کا مشورہ ہے کہ اونچی ایڑی والے جوتوں کو روزمرہ استعمال کے جوتوں کی جگہ استعمال کرنے سے سخت پرہیز کیا جائے اور ایڑی والے جوتوں کو کبھی کبھار کسی خاص موقع پر پہننا چاہیے۔
ہائی ہیل والے جوتوں کے بارے میں کروائے گئے ایک آن لائن سروے کے نتائج کے مطابق 94 فیصد مردوں کا کہنا ہے کہ اونچی ایڑی والے جوتے پہننے والی خواتین کی جنسی کشش بظاہر زیادہ ہوجاتی ہے۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: مقبول ملک