1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ايپک سمٹ امریکا اور چین کی تجارتی جنگ سے متاثر

18 نومبر 2018

پاپوا نیو گنی میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کا سربراہی اجلاس آج بروز اتوار ختم ہو چکا ہے۔ تاہم امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی جنگ کی وجہ سے ايپک سمٹ کے سربراہان کسی مشترکہ اعلامیے پر اتفاق میں ناکام رہے۔

https://p.dw.com/p/38SSr
Papua-Neuguinea APEC Gipfel
تصویر: Getty Images/AFP/S. Khan

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاپوا نیو گنی کے وزیراعظم پیٹر او نائل نے آج اتوار کے روز ہونے والی اختتامی پریس کانفرنس میں امریکا اور چین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا، ’’آپ کو معلوم ہے یہاں کون سی دو بڑی طاقتیں موجود ہیں۔‘‘ پیٹر او نائل نے یہ بات ايپک سمٹ کے اختتام پر مشترکہ اعلامیے پر اتفاق نہ ہونے کے تناظر ميں کہی۔

ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن اجلاس کے اختتام پر کوئی حتمی معاہدہ نہ طے پائے جانے کی اہم رکاوٹ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم پاپوا نیو گنی نے عالمی تجارتی تنظیم میں اصلاحات کی ضرورت کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق، ’’ايپک اور ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے درمیان کوئی معاہدہ موجود نہیں۔ لہٰذا یہ مسائل عالمی تجارتی تنظیم کے فورم پر اٹھائے جاسکتے ہیں۔‘‘

Papua-Neuguinea APEC-Gipfel in Port Moresby | Xi Jinping, Präsident China & Peter O'Neill
تصویر: Reuters/D. Gray

واضح رہے ایشیا پیسیفک خطے کے رہنماؤں کے سالانہ اجلاس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے کی روایت سن 1993 سے قائم ہے۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے جب ايپک سمٹ کے اختتام پر کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں ہو سکا۔ وزیراعظم پیٹر او نائل نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ بطور میزبان اپنا بیان جلد جاری کریں گے۔

غیر منصفانہ تجارت کا خاتمہ ضروری ہے، اپیک

پیسیفک خطے پر امریکا اور چین کی جانب سے اقتصادی اثر و رسوخ بڑھانےکی کوششيں جاری ہيں۔ مثال کے طور پر اپیک سمٹ کے دوران مغربی اتحادی ممالک نے چین کے ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ منصوبے کے جواب میں پاپوا نیو گنی میں بجلی اور انٹرنیٹ منصوبوں پر 1.7 بلین امریکی ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ دوسری جانب جنوبی پیسیفک میں ایک سو ستر جزیروں پر مشتمل ملک ٹونگا نے چین کے ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ منصوبے میں شرکت کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

Papua-Neuguinea Mike Pence bei der APEC Konferenz
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Schiefelbein

پاپوا نیو گنی کے دارالحکومت پورٹ مورسبی سے واپسی سے قبل امریکی نائب صدر مائیک پینس نے بھی چین کے ساتھ اختلافات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیسیفک میں چین کی جانب سے بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں۔ پاپوا نیو گنی کے وزیر خارجہ نے روئٹرز کو مزید بتایا کہ ’کثیرالملکی تجارتی نظام‘ پر عدم اتفاق مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہو سکنے کی اہم وجہ تھی۔

ع آ / ع س (روئٹرز)