آسٹریلیا کے لیے سروس بند کر دیں گے، گوگل کا انتباہ
22 جنوری 2021آسٹریلوی حکومت نے سوشل میڈیا کے مجوزہ کوڈ آف کنڈکٹ میں مقامی خبروں کے استعمال پر معاوضے کی لازمی ادائیگی کو شامل کر رکھا ہے۔ یہ موضوع ملکی پارلیمنٹ میں زیرِ بحث ہے اور یہ مقامی میڈیا اداروں کا دیرینہ مطالبہ بھی ہے۔ معاوضے کی ادائیگی گوگل کے ساتھ ساتھ فیس بک کو بھی کرنا ہو گی۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اگر اسے قانون کی شکل دے دی جاتی ہے تو ان کے پاس سروس بند کرنا ہی واحد چارہ بچتا ہے۔فیس بک آسٹریلیائی صارفین پر خبریں شیئر کرنے کی پابندی لگا سکتا ہے
آخری سہارا
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے گوگل ادارے کی نمائندہ اور مقامی دفتر کی مینیجنگ ڈائریکٹر میل سِلوا نے آسٹریلوی سینیٹ میں اس معاملے پر جاری انکوائری کے دوران ادارے کا موقف بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ مقامی میڈیا آؤٹ لیٹس کو نئے قانون کے مطابق ادائیگی ممکن نہیں اور بصورتِ دیگر سروس کو بند کرنا ایک آخری چارہ ہے۔
سلوا کے مطابق ایسا اُس وقت کیا جائے گا، جب آسٹریلوی حکومت قانون سازی کا عمل مکمل کرتے ہوئے ادائیگیوں کی پابندی کو لازمی قرار دے دے گی۔ انکوائری کمیٹی کے سامنے امریکی ٹیکنیکل اور ڈیجیٹل ادارے کی اہم اہلکار نے کہا کہ آسٹریلیا میں پچانوے فیصد انٹرنیٹ یوزرز گوگل کا استعمال کرتے ہیں۔بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں: اجارہ داری کا خاتمہ ضروری، امریکی رپورٹ
فیس بک کا موقف
سوشل نیٹ ورکنگ سائیٹ فیس بک نے بھی مقامی میڈیا کمپنیوں کا خبری مواد استعمال کرنے پر معاوضے کی ادائیگی پر رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔ اس نے بھی معاوضہ ادا کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ سروس تو بند نہیں کرے گی لیکن آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والا تمام نیوز مٹیریل ہٹا دیا جائے گا۔ ابھی تک فیس بک کی دھمکی کے جواب میں آسٹریلوی حکومت اور میڈیا کا ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
آسٹریلوی رد عمل
گوگل کا سروس بند کرنے کا انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی ٹیکنیکل ادارے نے خبری مواد کے استعمال پر معاوضے ادا کرنے کی ایک تین سالہ ڈیل فرانسیسی نیوز پبلشرز کے ساتھ طے کر لی ہے۔ گوگل اس ڈیل کے تحت 1.3 بلین امریکی ڈالر یا ایک بلین یورو فرانسیسی نیوز اداروں کو ادا کرے گا۔عالمی انٹرنیٹ کمپنیوں کی طاقت کنٹرول کرنے کے لیے نیا قانون
اسی دوران آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے گوگل کے انتباہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے انتباہ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں کام کرنے کے اصول و ضوابط ملک نے ہی مرتب کرنے ہیں اور انہیں ملکی پارلیمان طے کرتا ہے۔ موریسن کا یہ بھی کہنا ہے کہ قانون پر عمل درآمد کرانا حکومتی ذمہ داری ہے۔
مذاکرات کا راستہ
آسٹریلوی پارلیمنٹ کے ایک رکن میکس والڈن کے بقول انہیں یقین نہیں کہ اراکینِ پارلیمنٹ کسی دھمکی یا انتباہ کے سامنے جھک جائیں گے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ مستقبل میں گوگل اور فیس بک کو اس معاملے کے بہتر حل کے لیے مذاکرت کا راستہ ہی اختیار کرنا ہو گا۔ گوگل کی اہم اہلکار میل مسِلوا نے بھی سینیٹ کی انکوائری کمیٹی میں مکالمت شروع کرنے کو ایک مناسب راستہ قرار دیا۔ فیس بک اور گوگل مذاکرات کا راستہ اپناتے ہیں تو آسٹریلوی حکومت کا مقرر کردہ ثالث نیوز مواد کے معاوضے کا تعین کرے گا۔
یہ اہم ہے کہ گوگل اور فیس بک میڈیا کمپنیوں کو اپنا طے کردہ معاوضہ دینا چاہتے ہیں لیکن میڈیا کے ادارے اس معاوضے پر راضی نہیں ہیں۔
ع ح، ع ا (روئٹرز، اے پی)