اٹلی: مہاجرین کے لیے یونیورسٹی تعلیم کے سو وظائف مختص
13 جولائی 2018مہاجرین کے حوالے سے خبریں فراہم کرنے والے یورپی ادارے انفو مائیگرنٹس کے مطابق یہ وظائف اٹلی وزارت داخلہ اور ’اطالوی کانفرنس آف یونیورسٹی ریکٹرز‘ کے درمیان ایک معاہدے کا حصہ ہیں، جسے جامعات میں تعلیمی حق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی نیشنل ایسوسی ایشن کا تعاون حاصل ہے۔
یونیورسٹی اسکالر شپ کے لیے کون اہل امیدوار ہے؟
اطالوی وزارت داخلہ کے مطابق یہ وظائف ایسے طلبا کو دیے جائیں گے جنہیں ’تسلیم شدہ‘ مہاجر کا اسٹیٹس یا پھر ضمنی تحفظ حاصل ہو اور وہ گزشتہ دو تعلیمی سالوں میں بھی یہ وطائف حاصل کر چکا ہو۔ مزید یہ کہ ایسے مہاجر طالب علم یا طالبہ کے نام کا ندراج پہلے سے کسی اطالوی جامعہ میں ہونا چاہیے۔
ان وظائف کے لیے ’تسلیم شدہ‘ مہاجر اسٹیٹس یا ضمنی تحفظ کے حامل ایسے افراد بھی درخواست دے سکیں گے جنہوں نے یونیورسٹی تعلیم کے پہلے سال یا پھر ریسرچ پروگرام میں داخلہ لینے کے لیے سولہ جولائی سن 2018 تک تعلیمی ڈپلومہ حاصل کر لیا ہو۔ اور جو سن 2018،2019 کے تعلیمی سال کے لیے اطالوی یونیورسٹی سسٹم میں پہلی بار اپنا نام درج کرا رہے ہوں۔
درخواست دینے کی حتمی تاریخ اور اسناد کی جانچ کا طریقہ کار
نئے تعلیمی سال میں درخواستوں کو انتیس جولائی تک آن لائن درج ہو جانا چاہیے۔
تعلیمی سال سن 2018،2019 کے لیے پہلی بار اپنے نام کا اندراج کرانے والے ’ تسلیم شدہ‘ مہاجر تارکین وطن کے لیے ’اطالوی کانفرنس آف یونیورسٹی ریکٹرز‘ کے صدر کی جانب سے نامزد کردہ کمیشن درجہ بندی کی ایک فہرست جاری کرے گا جس میں امیدواران کے ڈپلوموں،سی وی اور منتخب کردہ تعلیمی سطح کو جانچا جائے گا۔
برابری کے میرٹ کی صورت میں ترجیح کم عمر درخواست گزار کو دی جائے گی۔
کمیشن درخواستوں کی جانچ کا کام اکتیس جولائی سن 2018 تک مکمل کر لے گا۔
کمیشن کی جاری کردہ رینکنگ لسٹ پر موجود مہاجرین کے پناہ کے اسٹیٹس کی صدیق اطالوی وزارت داخلہ کرے گی۔ اگر کوئی امیدوار مطلوبہ اسٹیٹس کا حامل نہ پایا گیا تو اس کا نام از خود اس فہرست سے خارج ہو جائے گا۔
ص ح / ا ا / انفو مائیگرنٹس