1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی میں مہاجرین کی مدد کرنے والی ایپ

عاطف توقیر روئٹرز
20 جون 2017

ریڈکراس نے منگل کے روز اٹلی میں موجود مہاجرین کے لیے ایک اسمارٹ فون ایپ متعارف کرائی ہے، جو تارکین وطن کو طبی، نفسیاتی اور قانون مدد کے لیے ضروری معلومات مہیا کرتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2f32l
Symbolbild Flüchtlinge Internet Smartphone Google Web
تصویر: picture-alliance/dpa/I. Kupljenik

اٹلی میں اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو ’ورچوئل والنٹیر‘ کے نام سے مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔ یہ ایپ ایک ایسے موقع پر جاری ہوئی ہے، جب اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں مختلف وجوہات کی بنا پر گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 65.5 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔

بین الاقوامی فیڈریشن برائے ریڈکراس اور ہلالِ احمر سوسائٹیز (IFRC) کے پروگرامز اور آپریشنز کے شعبے کے سربراہ ژاگن شمپین کے مطابق، ’’گھر بار چھوڑنے والے اکثر افراد غلط معلومات کی دھند میں کھو جاتے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’انہیں عموماﹰ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ان کے لیے کون کون سے سروسز دستیاب ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے انہیں معلومات کے اعتبار سے حقیقی تصویر نظر آئی گی تاکہ وہ بہتر فیصلے کر سکیں۔

Deutschland Flüchtlinge Abmahnwelle Illegale Downloads
مہاجرین کو اس ایپ سے ہر طرح کی اہم معلومات دستیاب ہوتی ہےتصویر: Getty Images/S. Gallup

یہ بات اہم ہے کہ اٹلی اس وقت مہاجرین کی آمد کے اعتبار سے یورپی یونین کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے، جہاں افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد بحیرہء روم عبور کر کے پہنچ رہے ہیں۔

رواں برس اٹلی پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد ستر ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کے مطابق اٹلی پہنچنے والے بہت سے تارکین وطن درست معلومات نہ ملنے کی وجہ سے کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔

اسمارٹ فون ایپ ’’ورچوئل والنٹیئر‘‘ کسی بھی مہاجر کی جغرافیائی پوزیشن کو دیکھتے ہوئے اس کے قریب موجود خوراک کی تقسیم کے مراکز، کھانے پینے کے مقامات، کپڑوں کی تقسیم کے مراکز، نفسیات اور طبی مدد کے مراکز اور قانونی مدد کے دفاتر تک نقشوں کی مدد سے راہ نمائی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی مہاجر کو زبان سیکھنے کے اسکول کی بابت بھی معلومات اس ایپ سے مل سکتی ہے۔

اس ایپ کے ذریعے کسی مہاجر کو یہ ہدایات بھی مل سکتی ہیں کہ وہ کس طرح انسانوں کے اسمگلروں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔