اٹلی کے ساحل پر مزید تارکین وطن کی آمد
3 اگست 2011کشتی میں پچاس خواتین اور چار بچوں سمیت سوار تارکین وطن کی اکثریت کا تعلق صومالیہ اور نائیجیریا سے ہے۔ ایک روز قبل اطالوی کوسٹ گارڈز کو جزیرے پر اسی طرح کی ایک کشتی ملی تھی جس کے انجن روم میں 25 افراد دم گھٹ کر ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کشتی میں 271 افریقی باشندے سوار تھے۔
کشتی مسافروں سے کھچاکھچ بھری ہوئی تھی اور اس میں سوار افراد کا کہنا ہے کہ وہ تین روز سے سمندر میں موجود تھے۔
اٹلی کی تارکین وطن کے امور کی وزیر سونیا ویال نے ایک بار پھر انسانی اسمگلروں کے ہتھے چڑھنے والے افراد کو دیکھنے پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا۔ اٹلی میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی خاتون ترجمان لارا بولدرینی نے اس واقعے کی وضاحت طلب کی ہے۔
اٹلی کے سیاحتی جزیرے لامپے ڈوسا کا رقبہ محض 20 مربع کلومیٹر ہے اور وہ اٹلی کے بجائے شمالی افریقہ سے زیادہ نزدیک ہے۔ رواں سال شمالی افریقہ سے لاکھوں افراد کی آمد کے بعد یہ جزیرہ یورپی یونین میں غیر قانونی داخلے کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔
موسم بہار میں لیبیا کے مہاجرین اور تیونس کے تارکین وطن کی آمد تقریباﹰ روز کا معمول تھی تاہم حالیہ ہفتوں میں اس میں کمی واقع ہوئی ہے۔
رواں سال کے اوائل میں مایوسی کے عالم میں پہنچنے والے تارکین وطن سے جزیرے کی سیاحت کی صنعت متاثر ہونا شروع ہو گئی تھی مگر اب تفریح منانے والے افراد نے ایک بار پھر ساحلوں کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹ: حماد کیانی
ادارت: کشور مصطفٰی