1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اپنے اصولی موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے: گیلانی

Kishwar Mustafa16 مئی 2012

پاکستانی کابینہ نے صدر آصف علی زرداری کی شکاگو کانفرنس میں شرکت کی توثیق کر دی ہے۔ تاہم دفاعی کمیٹی کے نیٹو سپلائی لائن کی بحالی سے متعلق فیصلے پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/14wZX
تصویر: AP

کابینہ کا اجلاس  بدھ کو وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت  اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ اجلاس سے ابتدائی  خطاب  میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ نیٹو افواج کو  رسد کی بحالی کے بارے میں  پاکستان اپنے اصولی موقف سے دستبردار نہیں ہوگا لیکن کوئی ایسا فیصلہ بھی نہیں کرنا چاہتے جو مستقبل میں ملک  کے لیے فائدہ مند نہ ہو۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق  وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نیٹو اور امریکہ کے ساتھ تعلقات نازک موڑ پر ہیں اور حکومت کو اس وقت اہم فیصلے کرنا ہونگے۔ اجلاس  کے بعد  صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے  وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں نیٹو کی سپلائی لائن بحال کرنے کے بارے میں دفاعی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے جس میں متعلقہ  اداروں کو اس بارے میں مشاورت مکمل کرنے کا کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت  نیٹو سپلائی کی بحالی پر قوم سے کچھ نہیں چھپائے گی۔ صدر زرداری  کی شکاگو کانفرنس میں شرکت کے بارے میں ایک سوال پر پاکستانی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر پاکستان کو نیٹو اجلاس میں شرکت کی جو دعوت دی گئی ہے اس میں کوئی شرط عائد نہیں کی گئی ، نہ ہم نے کسی کو کوئی یقین دہانی کرائی  ہے نہ سویلین اور نہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے کیونکہ ان کے بھی اپنی سطح پر مذاکرات جاری تھے اور صدر صاحب نیٹو  اجلاس میں شرکت کرینگے اس  کی کابینہ نے بھی توثیق کی ہے اور وہاں جو فیصلے ہوں گے  اور پارلیمانی سفارشات کی روشنی میں حکومت  اپنا فیصلہ کرے گی۔

Pakistan will offenbar Blockade des NATO-Nachschubs beenden
نیٹو سپلائی لائن غالبا کھول دی جائے گیتصویر: dapd

دوسری جانب تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ حکومت نیٹو سپلائی لائن کھولنے کے حوالے سے بیرونی عوامل کے ساتھ ساتھ  اندرون ملک  ردعمل کا جائزہ بھی لے رہی ہے۔ سیاسی تجزہ کار حسن عسکری کا کہنا ہے کہ ردعمل تو ہوگا جو اسلامی جماعتیں ہیں عسکری گروپ ہیں وہ کافی مضبوط ہو گئے ہیں  پچھلے پانچ چھ مہینے میں کیونکہ اس وقت  حکومت  کو ضرورت تھی کہ پاکستان میں امریکہ مخالف جذبات پھیلیں  اور وہ پھیلتے رہے  جیسا کہ عام طور پر  ہوتا رہا ہے ۔ یہ تنظیمیں اب حکومت کو چیلنج کریں گی  اور میرا خیال یہ ہے کہ جو نیٹو ٹینکر جائیں گے ان پر حملے بھی ہونگے، آگ بھی لگائی جائے گی اور اس طرح  یہ حکومت کے لیے  چیلنج ہو گا کہ وہ اپنی حکمرانی اور عملداری کو کس طرح نافذ کر سکتی ہے۔

NATOs LKW und Container in Peschawar Pakistan
گزشتہ چھ ماہ سے نیٹو سپلائی لائن بند ہےتصویر: DW

تاہم وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی لائن کی بحالی یا بندش کا فیصلہ کسی سے ڈر  کر نہیں بلکہ قومی وقار اور مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

رپورٹ:شکور رحیم ، اسلام آباد

ادارت: کشور رمصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں