اکہتر کی جنگ: بنگلہ دیش جنگی جرائم کی عدالت سے رجوع کرے گا
7 اپریل 2009بنگلہ دیش کا موقف ہے کہ انیس سو اکہتر کی جنگ کے پاکستانی ملزمان بنگلہ دیش میں موجود نہیں ہیں لہٰذا اس معاملے پر بین الاقوامی مدد کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ انیس سو اکہتر سے قبل بنگلہ دیش پاکستان کا مشرقی حصّہ تھا جہاں چلنے والی تحریک کو پاکستان علیحدگی پسند تحریک جب کہ بنگلہ دیش تحریکِ آزادی قرار دیتا ہے۔ اس تحریک کے مرکزی رہنما شیخ مجیب الرحمان نے اس حوالے سے پاکستانی فوج اوراس وقت کی قیادت پر بنگالیوں کی نسل کشی کا الزام عائد کیا تھا جس کی پاکستان میں اکہتر کے بعد کی حکومتیں اور فوج تردید کرتی رہی ہے۔
بنگلہ دیش کی حکومتوں کا یہ موقف رہا ہے کہ پاکستانی پارلیمان اکہتر کے واقعات پر بنگلہ دیشی قوم سے معافی مانگے۔ سابق پاکستانی صدر اور سابق آرمی چیف پرویز مشرّف اس حوالے سے ایک بار ’اظہارِ افسوس‘ کرچکے ہیں جس کو بنگلہ دیش ناکافی قرار دیتا ہے۔ غیر جانبدار تاریخ دان اس جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے بنگالیوں کی تعداد کم از کم تیس لاکھ بتاتے ہیں۔
بنگلہ دیش کی وزارتِ داخلہ اس معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے بدھ کے روز ایک اجلاس منعقد کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ جنگ کے دوران نوّے ہزار پاکستانی فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا گیا تھا جن کو بعد میں بھٹّو کی حکومت میں آزاد کروالیا گیا تھا۔ بنگلہ دیش پاکستانی جنگی ملزمین کی تفتقش کے لیے اقوام ِ متحدہ سے بھی باضابطہ طور پر رجوع کرچکی ہے۔