1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران: ایک ہی دن میں بارہ بلوچ قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی

8 جون 2022

جن افراد کو پھانسی دی گئی ہے اس میں ایک خاتون اور گیارہ مرد شامل ہیں، ان سب کو منشیات یا قتل کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔ صوبہ سیستان بلوچستان کی زاہدان کی مرکزی جیل میں انہیں پھانسی دی گئی۔

https://p.dw.com/p/4COY8
Symbolbild Selbstmord
تصویر: vkara - Fotolia.com

ایران سے متعلق ناروے میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم (آئی ایچ آر) نے سات جون منگل کے روز یہ اطلاع دی کہ ایران نے اپنی جنوب مشرق کی ایک جیل میں 12 قیدیوں کو اجتماعی طور پر پھانسی دے دی۔ موت کی سزا پر یہ عمل ایک ایسے وقت ہوا ہے، جب اسلامی جمہوریہ ایران میں پھانسیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔  

جن افراد کو پھانسی دی گئی اس میں گیارہ مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ان سب کو یا تو منشیات سے متعلق یا پھر قتل کے الزامات میں سزائیں سنائی گئی تھی۔ ایران ہیومن رائٹس (آئی ایچ آر) کے مطابق ان سب کو چھ جون پیر کی صبح افغانستان اور پاکستان کی سرحدوں کے قریب صوبہ سیستان بلوچستان کی زاہدان کی مرکزی جیل میں پھانسی دی گئی۔

آئی ایچ آر کے بیان کے مطابق جن افراد کو موت کی سزا دی گئی ان سب کا تعلق اقلیتی بلوچ نسل سے تھا، جو بنیادی طور پر ایران میں غالب شیعہ مذہب کے بجائے اسلام کے سنی عقائد کو مانتے ہیں۔

بارہ میں سے چھ کو منشیات سے متعلق الزامات میں سزائے موت سنائی گئی تھی، جبکہ چھ کو قتل کے جرم میں سزا سنائی گئی۔ تاہم ان پھانسیوں سے متعلق کسی کی بھی ملکی میڈیا ادارے نے اطلاع نہیں دی اور نہ ہی ایران میں حکام نے اس کی تصدیق کی۔

لیکن ایران میں ایک ممنوعہ تنظیم 'دی نیشنل کونسل آف ریزسٹنٹ آف ایران' (این سی آر آئی) نے بھی اس کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ پیر کی صبح  زاہدان میں 12 افراد کو پھانسیاں دی گئیں۔

ایران ہیومن رائٹس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، جس خاتون کو پھانسی دی گئی، ان کی شناخت صرف ان کی کنیت 'گارگیج' سے کی گئی ہے۔ انہیں اپنے شوہر کے قتل کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی اور پہلی بار سن 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

سعودی عرب میں پھانسیاں اور احتجاج

ایران میں پھانسیوں پر تشویش 

انسانی حقوق کے کارکن ایک طویل عرصے سے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ ایران میں سزائے موت دینے میں غیر متناسب طور پر ایران کی نسلی اور مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اس کے تحت شمال مغرب میں کردوں کو جبکہ جنوب مغرب میں عرب نسل کے لوگوں کو اور جنوب مشرق میں بلوچ نسل کو خاص طور پر نشانہ بنایا جاتا ہے۔

آئی ایچ آر کا مزید کہنا ہے کہ ''ایران ہیومن رائٹس کے جمع کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ سن 2021 میں جو تمام پھانسیاں دی گئیں، اس میں بلوچ قیدیوں کا حصہ 21 فیصد تھا، جب کہ ایران کی آبادی میں ان کی نمائندگی صرف دو سے چھ فیصد تک ہی ہے۔

ایرانی رہنماؤں کو اس وقت ملک میں بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر مظاہروں کا سامنا ہے اور اس پس منظر میں پھانسیوں کے حالیہ اضافے پر بھی گہری تشویش پائی جاتی ہے۔

این سی آر آئی نے اپنے ایک بیان میں کہا، ''بڑھتے ہوئے عوامی مظاہروں کا سامنا کرتے ہوئے، مذہبی علما پر مبنی حکومت نے جبر اور قتل کو تیز تر کر دیا ہے۔ اس نے پھانسیاں دینے میں ایک بے مثال ریکارڈ قائم کیا ہے۔''

آئی ایچ آر کے مطابق گزشتہ برس ایران میں کم از کم 333 افراد کو پھانسی دی گئی تھی، جو 2020 کے مقابلے میں تقریبا 25 فیصد کا اضافہ ہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں سزائے موت پر عمل سے متعلق اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران میں گزشتہ برس کے مقابلے میں سن 2021 میں سزائے موت پر 28 فیصد زیادہ عمل ہوا اور 314 افراد کو پھانسیاں دی گئیں۔ تاہم تنظیم نے متنبہ کیا کہ یہ تعداد حقیقی تعداد سے ممکنہ طور پر  بہت کم ہے۔

ایمنسٹی کا کہنا تھا، ''مبہم قسم کے الزامات کے لیے نسلی اقلیتوں کے ارکان کے خلاف موت کی سزاؤں پر غیر متناسب عمل کیا گیا ہے اور اسے سیاسی جبر کے آلے کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔''

ص ز/ج ا   (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید