1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران جوہری معاہدہ پیر کو ممکن نہیں، جواد ظریف

عابد حسین13 جولائی 2015

ایران کے وزیر خارجہ جوادظریف نے کہا ہے کہ ایران اور چھ عالمی طاقتیں حتمی معاہدے کا اعلان منگل سے قبل ممکن نہیں۔ تاہم دوسری جانب مذاکراتی عمل میں توسیع کے حوالے سے بھی ابھی تک کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔

https://p.dw.com/p/1Fy3E
تصویر: Reuters/L. Foeger

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ معاہدے کے قریب تر پہنچا جا چکا ہے۔ دوسری جانب ایرانی ذرائع ابلاغ اپنے وزیر خارجہ کے حوالے سے کہہ رہے ہیں کہ پیر کی رات تک مذاکراتی عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔ ایران کی فارس نیوز ایجنسی نے جواد ظریف کے حوالے سے کہا ہے کہ جب تک ضروری ہوا مذاکراتی عمل جاری رکھا جائے گا۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ پیر کی آدھی رات سے قبل ڈیل تک پہنچنا ممکن ہے۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈیل کے حوالے سے سوال کیا گیا تو امریکی وزیر خارجہ جان کیری پوری طرح خاموش رہے لیکن اُن کے ایرانی ہم منصب نے کہا کہ مذاکراتی عمل میں کسی توسیع کا امکان نہیں ہے۔

Wien Atomgespräche Iran John Kerry
کیری مسلسل ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ ون ٹو ون ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیںتصویر: Reuters/C. Barria

مبصرین کا خیال ہے کہ پیر کی نیم شب تک ڈیل طے نہ ہوئی تو مذاکرات مکمل طور پر ناکام ہو سکتے ہیں۔

چینی وزیر خارجہ وانگ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈیل کو مکمل کرنے میں اب تاخیر نہیں ہو گی۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری بھی ڈیل کے حوالے سے پرامید دکھائی دیتے ہیں۔ کیری مسلسل ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ ون ٹو ون ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اُدھر فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کا کہنا ہے کہ معاہدہ ممکن ہے لیکن ایک دو معاملات میں اختلافات موجود ہیں۔

ویانا میں ایرانی جوہری مذاکرات مسلسل سترہ ایام سے جاری ہیں۔ ایک ایرانی سفارت کار نے نام مخفی رکھتے ہوئے بتایا ہے کہ آج پیر کی شام ایران اور عالمی طاقتوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ممکن نہیں ہے۔ اِس قبل یہ کہا گیا تھا کہ تمام وزرائے خارجہ پیر کی شام کو ایک خصوصی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔