ایران دو ہزار تیرہ تک جوہری ہتھیار نہیں بنا سکتا، رپورٹ
8 اگست 2009امریکی وزارتِ خارجہ کے بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ ریسرچ کی جانب سے جاری کردہ اس رپورٹ میں ایران کی جوہری قابلیت کے حوالے سے جو تاریخ دی گئی ہے وہ امریکی ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی ان رپورٹوں کے برعکس ہے جن میں کہا گیا ہے کہ ایران جلد ہی جوہری ہتھیار تیّار کرنے کے قابل ہو جائے گا۔
مذکورہ رپورٹ امریکی نیشنل انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر ڈینس بلیئر نے فروری میں امریکی سینیٹ کی انٹیلیجنس کمیٹی کو پیش کی تھی جس کے مندرجات اب جاری کیے گئے ہیں۔
یہ رپورٹ ایک ایسے وقت منظرِ عام پر لائی گئی ہے جب امریکہ کے مقتدر حلقوں میں یہ بحث کی جا رہی ہے کہ ایران سے امریکہ کو کس طور پیش آنا چاہیے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے صدر بننے کے بعد ایران کے ساتھ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی پیشکش کی ہے تاہم ایران کی جانب سے اس حوالے سے کوئی ٹھوس جواب ہنوز متوقع ہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ ایران کے لیے امریکی مذاکرات کی پیش کش غیر معینہ مدآت کے لیے نہیں ہے اور امریکہ کو توقع ہے کہ ایران ستمبر میں ہونے والے جنرل اسمبلی کے اجلاس تک اس حوالے سے کوئی جولب دے دے گا۔
امریکہ میں ایرانی امور پر مہارت رکھنے والے مبصرین کے مطابق امریکہ کو فی الحال ایران کے بارے میں خاموشی اختیار کرنا چاہیے کیوں کہ ایران میں اقتدار پر قابض طبقات ٹوٹ پھوٹ اور داخلی انتشار کا شکار ہیں۔ بارہ جون کو ہوئے ایران کے متنازعہ صدارتی انتخابات کے بعد ہونے والے مظاہرے اس انتشار کا ایک اظہار ہیں۔
دوسری جانب امریکہ میں ’ہاکس‘ کہلانے والے وہ عناصر جو جنگ کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں کہتے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے وقت کم رہ گیا ہے۔ ان عناصر کا موقف ہے کہ اگر ستمبر تک ایران اس حوالے سے کوئی مثبت جواب نہیں دیتا ہے تو اس پر اقتصادی پابندیوں کو مزید سخت کردینا چاہیے۔
اس حوالے سے ایک اہم کردار اسرائیلی حکومت کا بھی ہے۔ حالیہ دنوں میں اسرائیل کی جانب کی گئی جنگی مشقوں اورایرانی جوہری تنصیبات پر حملے سے متعلق بیانات نے صورتِ حال کو خاصا گرم کردیا ہے۔ ایران نے ایسے کسی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کا اپنا موقف دہرایا ہے۔
امریکی انٹیلجنس رپورٹ کے مطابق اس کی پیش گوئی کی بنیاد تکنیکی طور پر جوہری ہتھیار بنانے کی ایران کی قابلیت کے حوالے سے ہے نا کہ ایرانی حکومت کی سیاسی ترجیحات کے حوالے سے۔ لہٰذا رپورٹ کا مقصد یہ پیش گوئی کرنا نہیں کہ ایران لازمی طور پر دو ہزار تیرہ کے بعد جوہری ہتھیار تیّار کرے گا۔
واضح رہے کہ ایران کا موقف رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے اور اس کو ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔