ایران: کوئلے کی کان میں دھماکہ، کم از کم 51 افراد ہلاک
22 ستمبر 2024ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں واقع ایک کوئلے کی کان میں دھماکے سے کم از کم 51 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ابتدائی رپورٹوں کے مطابق اس واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد تیس اور زخمیوں کی سترہ بتائی گئی تھی۔ تاہم ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کی ایک اپڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 51 اور زخمیوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔
ملکی دارالحکومت تہران سے جنوب مشرق کی طرف تقریباﹰ 540 کلومیٹر دور طبس میں واقع کوئلے کی کان میں دھماکہ ہفتے کی رات مقامی وقت کے مطابق نو بجے کے قریب ہوا۔ اس دھماکے کی وجہ کان کے دو بلاکس میں میتھین گیس کی لیکیج بتائی جا رہی ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکے کے وقت ان دونوں بلاکس میں مجموعی طور پر 69 ورکرز موجود تھے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کان میں پھنسے ورکرز اور لاشوں کو نکالنے کے ساتھ ساتھ اس واقعے کی تحقیقات کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
تاہم مقامی پراسیکیوٹر علی نسائی کے مطابق کان میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو مشکل کا سامنا ہو رہا ہے۔ ارنا کے مطابق انہوں نے کہا، ''اس وقت ہماری ترجیح زخمیوں کو امداد پہنچانا اور لوگوں کو ملبے سے نکالنا ہے۔‘‘
م ا ⁄ ع آ (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)