ایرانی وزیر خارجہ جمعرات کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے
16 اگست 2023ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کے روز معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ وزیر خارجہ امیر عبداللہیان مستقبل قریب میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر عبداللہیان سعودی عرب کے دورے کے دوران اقتصادی تعلقات سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے گوکہ امیر عبداللہیان کے دورے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تاہم ایرانی اخبار تہران ٹائمز اور دیگر ایرانی میڈیا کے مطابق وہ 17 اگست کو ریاض روانہ ہونے والے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا یہ دورہ ان کے سعودی ہم منصب کے دورہ تہران کے جواب میں ہو رہا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے 17جون کو تہران کا دورہ کیا تھا اور حسین امیر عبداللہیان اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی تھی۔
ایران نے سعودی عرب میں اپنا سفیر مقرر کر دیا
خیال رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کا اعلان کیا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان سات سال کے بعد تعلقات بحال ہوئے تھے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ اگرچہ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ابراہیم رئیسی کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی تھی، لیکن ابھی اس دورے کی تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور 'مناسب وقت‘ پر اس کا تعین کیا جائے گا۔
ایران سعودی تعلقات میں اضافہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں قدم بہ قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کی بنیاد پر تہران میں سعودی سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے نے کام کرنا شروع کردیا ہے۔
مارچ میں ہونے والے معاہدے کے تحت ریاض اور تہران نے ایک دوسرے کے علاقوں میں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل طے پانے والے سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پر اتفاق کیا تھا۔
تاریخی معاہدے کے بعد سعودی وفد ایران پہنچ گیا
ایران نے جون کے اوائل میں ریاض میں اپنا سفارت خانہ اور جدہ میں قونصل خانہ کھول دیا تھا۔
قبل ازیں ایران کے نائب وزیر خارجہ مہدی سفاری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے لیے راستہ تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ ایران کے وزیر معاشیات احسان خاندوزی کے دورہ سعودی عرب سے بھی ریاض میں نہایت مناسب ماحول تیار ہوا ہے۔
ج ا/ ص ز (نیوز ایجنسیاں)