ایشز سیریز: تیسرا ٹیسٹ،انگلش ٹیم کی عمدہ کارکردگی
16 دسمبر 2010آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان روایتی ایشز سیریز کے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن رکی پونٹنگ کی ٹیم مناسب کارکردگی دکھانے سے قاصر رہی۔ انگریز بالرز نے میزبان آسٹریلوی ٹیم کو 268 کے غیر مناسب سکور پر آؤٹ کر دیا۔ آسٹریلیا کے ابتدائی چار کھلاڑی کوئی اہم کارکردگی نہ دکھا سکے۔ ان کی جانب سے ٹیم کو سنبھالنے والی اننگ سامنے نہ آ سکی۔ ان چار کھلاڑیوں میں کپتان رکی پونٹنگ اور نائب کپتان مائیکل کلارک شامل ہیں۔ مہمان ٹیم کی جانب سے اینڈرسن اور ٹریملیٹ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مجموعی طور پر انگلینڈ ٹیم کے تیز بالروں نے دس میں سے آٹھ کھلاڑیوں کو پیویلین روانہ کیا۔ اس طرح مغربی آسٹریلیا کے پرتھ شہر میں کھیلے جانے والے میچ پر انگریز ٹیم نے پہلے روز ہی اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔
انگلینڈ ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو بہت درست ثابت ہوا۔ انہتر کے سکور پر آسٹریلوی ٹیم کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔ اگر آسٹریلوی مرد بحران مائیک ہسی نصف سینچری سکور نہ کرتے تو آسٹریلوی ٹیم دو سو کے سکور کے لگ بھگ فارغ ہو جاتی۔ وہ اب تک ایشز سیریز میں ایک سینچری اور تین نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔ ہسی کے علاوہ وکٹ کیپر ہاڈن اور تیز بالر میچل جانسن نے بھی نصف سینچریاں بنائیں۔ جانسن ٹاپ اسکورر تھے۔ انہوں نے63 رنز بنائے۔
رکی پونٹنگ ایک بار پھر اپنی ٹیم کی اننگز کو سنبھالنے سے محروم رہے اور وہ صرف بارہ رنز بنا سکے۔ اس طرح ایشز سے پہلے جس کمزور بلے بازی کا مظاہرہ پونٹنگ کر رہے ہیں، وہ سلسلہ جاری ہے۔ یہ بالکل واضح ہو گیا ہے کہ بارہ ہزار سے زائد ٹیسٹ رنز بنانے والے پونٹنگ کی بیٹنگ اب زوال پذیر ہو چکی ہے۔ نائب کپتان مائیکل کلارک کبھی بھی ان بلے بازوں میں شمار نہیبں ہوئے، جن کے کھیل میں تسلسل ہو۔ ان دونوں پر آج کل خاصی تنقید ہو رہی ہے۔ دوسری جانب رکی پونٹنگ سردست کرکٹ یا کپتانی سے علیٰحدہ ہونے کو خارج از امکان قرار دیتے ہیں۔
انگلش ٹیم نے پہلی اننگز کا کھیل شروع کر دیا ہے اور اُس نے کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 29 سکور بنایا تھا۔ کپتان اینڈریو سٹراؤس 12 اور ان فارم بیٹسمین الیسٹیئر کُک 17 کے اسکور پر جمعہ کو ایک بار پھر پہلی اننگز کا کھیل شروع کریں گے۔
پہلے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلوی بالر اگر انگریز ٹیم کی ایک دو وکٹیں حاصل کر لیتے تو میچ کا پلڑا برابر ہو جاتا۔ موجودہ صورت میں سٹراؤس کی ٹیم مضبوط پوزیشن میں دکھائی دیتی ہے۔ ایک بڑی سبقت کے بعد انگریز ٹیم میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ اس میچ میں کامیابی سے انگلش ٹیم ایشز سیریز کے دفاع میں کامیاب ہو جائے گی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: امجد علی