ایشز سیریز: زخمی پونٹنگ سڈنی ٹیسٹ سے باہر
30 دسمبر 2010آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کپتان رکی پونٹنگ کی انگلی کے ایکسرے کے مطابق اگر انہوں نے آرام نہ کیا تو ان کا فریکچر مزید خراب ہو سکتا ہے، اس لئے وہ اس سیریز کے آخری ٹیسٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔ یہ خیال بھی کیا جا رہا ہے کہ شاید پونٹنگ کا ٹیسٹ کیریئر اب ختم ہو چکا ہے اور وہ دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ میں نظر نہیں آئیں گے۔
موجودہ ایشز سیریز میں ناکام اور مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پونٹنگ کی جگہ اب سڈنی ٹیسٹ میں متوقع طور پر نائب کپتان مائیکل کلارک کپتانی کے فرائض سر انجام دے سکتے ہیں۔ تین جنوری کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ کے لئے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ اس فریکچر سے مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے بعد رکی پونٹنگ عالمی کپ کے لئے دستیاب ہوں گے۔ رکی پونٹنگ کی جگہ ممکنہ طور پر پاکستان نژاد عثمان خواجہ کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ انہیں سڈنی ٹیسٹ کے تربیتی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
رکی پونٹنگ اس وقت اپنے شاندار کرکٹ کیریئر میں پہلی مرتبہ بہت زیادہ دباؤ میں ہیں۔ وہ پہلے آسٹریلوی کپتان بن گئے ہیں جنہوں نے تین مرتبہ ایشز سیریز میں ناکامی کا منہ دیکھا ہے۔ چھتیس سالہ پونٹنگ نے ایشز سیریز کے چار میچوں میں صرف 113 رنز بنائے ہیں، جو ان کے کیریئر کے دوران کسی بھی سیریز میں سب سے بری کارکردگی سمجھی جا رہی ہے۔
دوسری طرف رواں ایشز سیریز کے ہیرو انگلش کپتان اینڈریو سٹراؤس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ ایشز کا دفاع کرنے کے بعد اس سیریز میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس وقت اس پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو ایک سے برتری حاصل ہے۔ تیسرا ٹیسٹ میچ تین جنوری کو آسٹریلوی شہر سڈنی میں شروع ہو گا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف