1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا کے سب سے بڑے کتاب میلے کا آغاز

21 جنوری 2011

بھارت کا سب سے بڑا کتاب میلہ جمعہ سے شروع ہو گیا ہے، جسے جے پور لٹریری فیسٹیول کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ملک کی مغربی ریاست راجستھان میں منعقد کیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/100JL
تصویر: AP

جے پور لٹریری فیسٹیول کو محض بھارت کا نہیں بلکہ ایشیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ مانا جاتا ہے، جس میں جنوبی ایشیا سمیت دنیا کے جانے مانے مصنفین شریک ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی مطالعے کا شوق رکھنے والے 30 ہزار افراد بھی اس نمائش کا رُخ کیا کرتے ہیں۔

یہ نمائش راجستھان کے ڈیگی پیلس میں منعقد کی جا رہی ہے، جو 19ویں صدی کی ایک عمارت ہے۔ اس مرتبہ اس تقریب کے خاص مہمانوں میں نوبل انعام یافتگان اورہان پاموک اور جے ایم کوئٹزی بھی شامل ہیں۔

Indische Frauen posieren am Dienstag, 3. Oktober 2006 in Frankfurt am Main auf der Frankfurter Buchmesse mit einem Buch ueber Indien vor Schriftzeichen aus verschiedenen indischen Regionen
ایک اندازے کے مطابق 30 ہزار افراد اس نمائش کا رُخ کیا کرتے ہیںتصویر: AP

اس نمائش کی فضا عام طور پر غیررسمی ہوتی ہے اور یہاں منعقد مباحثوں کا انداز دھیما ہوا کرتا ہے، جن میں اکثر اوقات اس فیسٹیول کے روح رواں کہلانے والے برطانوی مؤرخ اور بھارتی امور کے ماہر ویلیم ڈارلمپل شریک ہوتے ہیں۔

انہوں نے 2006ء میں ہی یہ نمائش منعقد کرنا شروع کی تھی تاہم رواں برس ان پر تنقید کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے، جس کی ابتدا بھارتی نیوز میگزین ’اوپن‘ میں شائع ہونے والی ایک تحریر سے ہوئی۔ اس میگزین کی یکم جنوری کی اشاعت میں اس کے پولیٹیکل ایڈیٹر ہرتوش سنگھ بال نے سوال اٹھایا کہ گورے ادھیڑ عمر اسکاٹش شخص نے خود کو بھارت میں ادبی معیار کا مختارِ کُل کیسے بنا لیا ہے۔

ہرتوش سنگھ لکھتے ہیں، ’یہ کتاب میلہ ادبی انٹرپرائز کی وجہ سے کامیاب نہیں ہے بلکہ اس کے چرچے کی بنیاد برطانوی ادبی اسٹیبلشمنٹ سے ہمارا تعلق ہے۔‘

تاہم ویلیم ڈارلمپل نے ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیسٹیول کے دو تہائی مہمان بھارتی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت میں ان کا آنا جانا گزشتہ 25 برس سے لگا ہوا ہے اور وہ اس ملک پر پانچ کتابیں لکھ چکے ہیں۔

ان کے بقول، ’اگر کوئی یہ کہہ دے کہ وکرم سیٹھ کو انگلینڈ پر ’این ایکول میوزک‘ جیسا ناول لکھنے کا حق نہیں تھا، تو اس بیان کو سرے سے نسل پرستی پر مبنی قرار دےدیا جائے گا۔‘

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ